پشاورایئرپورٹ پر حجاج کی واپسی کی پروازوں کو دن کے اوقات میں محدود رکھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 30 ستمبر 2014
پشاور ایئرپورٹ پر پروازوں پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آچکے ہیں، فوٹو:فائل

پشاور ایئرپورٹ پر پروازوں پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آچکے ہیں، فوٹو:فائل

پشاور: ایئرپورٹ انتظامیہ نے حجاج کی واپسی کی پروازیں رات کے بجائے صرف دن کے اوقات میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق پشاور ایئرپورٹ کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں  ایئرپورٹ پر سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ اور گزشتہ دنوں پرواز پر فائرنگ کے واقعے پر بھی غور کیا گیا جبکہ اس موقع پر حجاج کرام کی وطن واپسی کی پروازوں کو رات کے بجائے دن کے اوقات میں اتارنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ جہازوں پر فائرنگ کے واقعات کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ حج آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔

واضح رہے کہ پشاور ایئرپورٹ پر پروازوں پر فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آچکے ہیں جس میں پہلا واقعہ 24 جون کو پیش آیا تھا جس میں فائرنگ سے ایک خاتون مسافر جاں بحق ہوگئی تھیں جبکہ دوسرا واقعہ 27 ستمبر کو پیش آیا تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔