حکومت الطاف حسین کی سیکیورٹی کیلیے برطانیہ سے رابطہ کرے، متحدہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 22 اکتوبر 2014
ہمارے رہنما ڈرتے نہیں مگر سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، رابطہ کمیٹی  فوٹو: فائل

ہمارے رہنما ڈرتے نہیں مگر سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، رابطہ کمیٹی فوٹو: فائل

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور نائن زیرو کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

حکومت برطانوی حکام سے لندن میں الطاف حسین کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے باضابطہ رابطہ کرے کیونکہ سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کاکام  ہے، کارکنان الطاف حسین کی سیکیورٹی سے متعلق بہت فکر مند ہیں، برطانوی پولیس سے اپیل ہے کہ وہ الطاف حسین کو تحفظ فراہم کرے ،حکومت اورپولیس کوآگاہ کرنے کے باوجود ا یم کیوایم کے رہنماوں کے لیے سیکیورٹی کے کوئی انتظامات نہیں کیے ہیں،جس سے شکوک شہبات جنم لیتے ہیں اور حکومت شائد کسی حادثے کا انتظار کررہی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کی شب  ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ایم کیوایم کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔کنور نوید جمیل نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی سے دانستہ آنکھیں چرائی جارہی ہیں۔گزشتہ انتخابات میں ایم کیوایم انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی۔

ایم کیوایم تمام مذاہب کے لوگوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے،امن کی خواہاں ہے ، ہم نے کئی بار ایم کیوایم کے رہنماوں کو ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں حکومت اور پولیس کو آگاہ کیا ہے مگر ا س پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔ منگل کو بھی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے مشکوک افغان شہری کو پکڑا گیا، زیر حراست شخص کے قبضے سے طالبا ن لیڈروں کی تصاویر اور بیٹریاں ملی ہیں،ایم کیوایم کو طالبان سے دھمکی آمیز خطوط ملے ہیں،ہمارے رہنما ڈرتے نہیں مگر سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔