کراچی میں فائرنگ، خاتون پروفیسر، متحدہ کے کارکن سمیت5افراد قتل

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 نومبر 2014
سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ نامعلوم شخص ہلاک اور 26 سالہ عبدالحمید، 17 سالہ سلیم اور 12سالہ رخسانہ زخمی ہوگئے، فوٹو: فائل

سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ نامعلوم شخص ہلاک اور 26 سالہ عبدالحمید، 17 سالہ سلیم اور 12سالہ رخسانہ زخمی ہوگئے، فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ڈائو یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر ، متحدہ کے کارکن سمیت5افراد جاں بحق ہو گئے۔

مبینہ ٹائون تھانے کے علاقے یونیورسٹی روڈ این ای ڈی یونیورسٹی کے سامنے واقع شیل پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح نے فائرنگ کرکے کار سوار خاتون کو زخمی کردیا جنھیں تشویشناک حالت میں قریب واقع دارالصحت اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ خاتون دوران سفر ہی دم توڑ گئیں، ایس پی گلشن اقبال ڈویژن عابد قائم خانی نے ایکسپریس بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 55 سالہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ زوجہ خالد کے نام سے کر لی گئی۔

مقتولہ گلستان جوہر بلاک 14 میں واقع پرل کانٹینینٹل بیکری کے قریب رہائش پذیر تھیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ خالد ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں ملازمت کرتی تھیں اور ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گلستان جوہر میں واقع اپنی رہائش گاہ جا رہی تھیں، یونیورسٹی روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار3 ملزمان نے انھیں فائرنگ کرکے نشانہ بنا ڈالا، یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ مقتولہ کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا کیونکہ مقتولہ کی گاڑی میں ان کا موبائل فون ، پرس اور دیگر ضروری سامان موجود تھا۔ پی آئی بی کالونی تھانے کے علاقے لیاری ایکسپریس وے 14نمبر پلاٹ کے قریب سے پینٹ شرٹ میں ملبوس ایک شخص کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے چہرے پر فائرنگ کر کے قتل کیا، پی آئی بی پولیس کے مطابقمقتول کے پاس سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہو ئی جس کی مدد سے اس کی شناخت ممکن ہو سکے دوسری جانب جب ایس ایچ او پی آئی بی مقصود رضا سے رابطہ کیا گیا تو وہ واقعے سے لاعلم تھے۔

اتوار اور پیر کے شب کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے علاقے سیکٹر30 اﷲ والا ٹائون میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ کچھ گھنٹے تک موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دوران علاج دم توڑ گیا، ایس ایچ او آفتاب رند نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولکی شناخت 26 سالہ ذیشان عرف شانی کے نام کر لی گئی، مقتول صنعتی ایریا میں واقع کے ڈی اے فلیٹس میں رہائش پذیر تھا، مقتول کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے تھا اور مقتول اتوار کی شب اپنے دوست ساجد کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اﷲ والا ٹائون میں موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے دوست نے اسے فائرنگ کر کے زخمی کردیا اور فرار ہو گیا جس کے بعد زخمی ذیشان نے اپنے بھائی کو موبائل فون کر کے واقعے سے متعلق اطلاع کردی تھی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں واقع مکان کے اندر فائرنگ کے پراسرار واقعے میں 10 سالہ علی رضا جاں بحق ہوگیا جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو اہلخانہ نے بتایا کہ علی رضا گھر میں پستول سے کھیل رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو اس کے سر پر جا لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، ایس ایچ او جوہر آباد انسپکٹر ساجد جاوید نے بتایا کہ جس مکان میں گولی چلنے کا واقعہ ہوا ہے اس میں سہ پہر 3 بجے خواتین کی مجلس تھی جو شام 5 بجے ختم ہوگئی تھی، اگر لڑکا پستول سے کھیل رہا تھا تو چلنے والی گولی سر پر نہیں لگ سکتی تاہم شبہ ہے کہ گولی کسی اور سے چلی ہے اور اس حوالے سے پولیس مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے جبکہ اہلخانہ کی جانب سے پستول پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا جو کہ لڑکے کے والد کا لائسنس یافتہ بتایا جاتا ہے۔

سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے نزد سپر مارکیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ نامعلوم شخص ہلاک اور 26 سالہ عبدالحمید، 17 سالہ سلیم اور 12سالہ رخسانہ زخمی ہوگئے، سہراب گوٹھ تھانے کے سب انسپکٹر رحمت کا کہنا ہے کہ اسپتال میں موجود ایک شخص نے ہلاک ہونے والے کا نام شفیع بتایا ہے تاہم اسے حتمی شناخت نہیں کہا جا سکتا، فائرنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے قصاب ہیں اور واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

زخمی عبدالحمید کے ہوش میں آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی۔ الفلاح تھانے کے علاقے میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 22 سالہ نغمہ دختر گلشن،قائد آباد تھانے کے علاقے دائود چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ریحان، زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی مٹکے والی پلیہ کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے 28 سالہ سلمیٰ زخمی ہوگئی۔ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں موٹر سائیکل پر سوار 2 نقاب پوش ملزمان نے فائرنگ کر کے 40 سالہ اسمٰعیل کو شدید زخمی کر دیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔