محکمہ سماجی بہبود بھکاریوں کی بحالی کے مراکز قائم کریگا

اسٹاف رپورٹر  منگل 3 مارچ 2015
سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محکمے کو صوبائی اورضلعی گرانٹ دی جائے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محکمے کو صوبائی اورضلعی گرانٹ دی جائے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے بے سہارا معمر افراد کی رہائش کے لیے شیلٹر ہومز اور بھکاریوں کی بحالی کے لیے مراکز قائم کیے جائیں گے۔

محکمہ سماجی بہبود کے سیکریٹری شارق احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ خواجہ سرا کی بحالی کے لیے کراچی ،حیدرآباد او سکھر میں سینٹرز کے قیام کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے اور معذور افراد کی بحالی کے لیے200 ملین روپے کی اسکیم منظور ہوچکی ہے جس کے تحت معذور افراد کی فلاح و بہبود کے ہر مرکزمیں بولان گاڑی مہیا کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود بے سہارا معمر افراد کیلیے رہائشی سہولتوں کے لیے شیلٹر ہومز اور معاشرے میں گداگر ی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مراکز کے قیام کے حوالے سے پالیسی تیار کررہی ہے۔

مراکز برائے بحالی گداگر میں بھکاریوں کو مختلف فن وہنر سکھا کر ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا جس کی وجہ سے گداگر بھکاری کا پیشہ چھوڑ کرمحنت سے روزی کما سکیں گے معذور افراد کی بحالی کے لیے  سندھ میں 17مراکز قائم ہیں،جس میں سے 5کراچی اور12اندرون سندھ میںقائم مراکز میںبچوں اور بالغان معذور افراد کومختلف ہنر اور بنیادی تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے محکمہ سماجی بہبود میںکام کرنے کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف 2کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے محکمہ سماجی بہبودکو صوبائی اور ضلعی سطح پر گرانٹ دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔