لاہورمیں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں جلائے جانے والے دوسرے شخص کی بھی شناخت ہوگئی

ویب ڈیسک  منگل 17 مارچ 2015
واقعے میں جلائے جانے والے ایک شخص کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی تھی، فوٹو: ایکسپریس نیوز

واقعے میں جلائے جانے والے ایک شخص کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی تھی، فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: یوحنا آباد دھماکوں کے بعد مشتعل ہجوم کے ہاتھوں جلائے جانے والے دوسرے شخص کی شناخت بابر نعمان کے نام سے ہوگئی جو سرگودھا کا رہائشی تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوحنا آباد میں دھماکوں کے بعد احتجاج کے دوران مشتعل ہجوم کے ہاتھوں زندہ جلائے جانے والے دوسرے شخص کی شناخت بابر نعمان کے نام سے ہوئی جو سرگودھا کا رہائشی تھا۔ مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ بابرنعمان گجومتہ میں کپڑوں کی فیکٹری میں کام کرتا تھا اور اتوار کی صبح گھر سے کام کے لیے فیکٹری روانہ ہوا تھا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد اس کی شناخت سے متعلق کوئی بھی حتمی بات کی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یوحنا آباد دھماکے کے بعد فیروز پور روڈ پر مشتعل ہجوم نے 2 افراد کو تشدد کرکے جلا دیا تھا جس میں سے ایک شخص کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی تھی جوکہ ضلع  قصور کا رہائشی تھا جب کہ دھماکے میں 15 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔