نئے پاکستان کی بات کرنے والے نیا خیبر پختونخوا تک نہیں بنا سکے، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2015
پاکستان کا تاثر دنیا میں بہتر ہو رہا ہے اور ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے، نواز شریف فوٹو: این این آئی

پاکستان کا تاثر دنیا میں بہتر ہو رہا ہے اور ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے، نواز شریف فوٹو: این این آئی

پشاور: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کی بات کرنے والے 2 سال گزرنے کے باوجود صوبے کو نیا نہیں بنا سکے تاہم ہم نیا خیبر پختونخوا نہیں بلکہ بہترین خیبر پختونخوا بنائیں گے۔

پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا مسلم لیگیوں کا مرکز رہا ہے لیکن ہم نے جس کے پاس زیادہ ووٹ تھے انھیں کہا کہ حکومت بنائیں، مسلم لیگ (ن) نے پشاور سے 8 لاکھ 56 ہزار ووٹ لئے اور جن کی حکومت ہے انھوں نے 10 لاکھ 39 ہزار ووٹ لیے، وہ بار بار کہتے ہیں ہم نیا پاکستان بنائیں گے لیکن حکومت کو 2 سال گزرنے کے باوجود صوبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جب کہ ہم نیا خیبر پختونخوا نہیں بلکہ بہترین خیبر پختونخوا بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقیاتی کام کر کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، ہمارے بعد کوئی نیا موٹروے نہیں بنایا گیا لیکن ہم نے لاہور سے پشاور تک موٹروے بنایا جب کہ کراچی لاہور موٹروے بننے کے بعد لوگ گاڑی پر کراچی جانے کو ترجیح دیں گے اور لوگوں کے دل ایک دوسرے کے قریب آئیں گے، لواری ٹنل پر بھی کام جاری ہے جو اگلے 2 سال میں مکمل ہوجائے گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اور ہم نے ان کی کمر توڑ دی ہے، فرقہ واریت کے نام پر قتل کرنے والوں کے لئے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، ہم پاکستان کو ایک پُرامن ملک بنائیں گے اور دہشت گردی نام کی کوئی چیز نہیں رہے گی۔

اس سے قبل گورنر ہاؤس پشاور میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تاثر دنیا میں بہتر ہو رہا ہے اور ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے جس کا اعتراف دنیا بھر میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ اور کراچی آپریشن ہم نے شروع کیا جب کہ بجلی اور گیس کے بحران کو ٹھیک کرنے کے لئے بھی دن رات کام کر رہے ہیں جس کے اچھے نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔