ناخن پرچپک کرخفیہ ایس ایم ایس کرنے والا جدید اسٹیکرتیار

ویب ڈیسک  منگل 21 اپريل 2015
ماہرین کے مطابق اس اسٹیکر کو مستقبل کا ریموٹ کنٹرول بھی قرار دیا جارہا ہے، تصویر ایم آئی ٹی

ماہرین کے مطابق اس اسٹیکر کو مستقبل کا ریموٹ کنٹرول بھی قرار دیا جارہا ہے، تصویر ایم آئی ٹی

بوسٹن: کبھی کبھی آپ کو انتہائی ضروری پیغام پہنچانے کے لیے میسج بھیجنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اگر آپ اس وقت میٹنگ یا محفل میں ہوں تو اس طرح فون پرمصروف رہنا خلاف ادب عمل شمار کیا جاتا ہے مگر اب آپ کی یہ مشکل بھی آسان ہوجائے گی کیونکہ انگوٹھے کے ناخن پر نصب ایک ایسا اسٹیکر تیار کرلیا گیا ہے جسے چھونے سے آپ کی ای میل یا میسج پہنچ جائے گا اور کسی کو اس کا علم بھی نہیں ہوگا۔

امریکی ماہرین نے رنگ برنگی جعلی ناخنوں سے متاثر ہوکر ایک اسٹیکر تیار کرلیا ہے جس کے نیچے باریک سرکٹ موجود ہے جو صرف انگلی لہرانے سے ہی ایک میسج تیار کرسکتا ہے۔ اس ایجاد کو نیل او NailO کا نام دیا گیا ہے جسے بعض لوگ جاسوسی کا ایک آلہ بھی قرار دے رہے ہیں کیونکہ صرف ناخن چھونے اور انگلی لہرانے سے بھی ای میل اور ایس ایم ایس تیار کیا جاسکتا ہے جس کا کسی کو احساس بھی نہیں ہوتا جب کہ یہ پیغام وائرلیس یا بلیوٹوتھ کے ذریعے اسمارٹ فون یا کمپیوٹر پر منتقل ہوجاتا ہے۔

اس جدید اسٹیکر پر 4 تہیں موجود ہیں جن میں سب سے اوپررنگین پرت، دوسری پر سینسر،تیسرے پر مائیکروچپس اور کنٹرولراوربلوٹوتھ اورچوتھی پربیٹری ہے جب کہ یہ اسٹیکر2 گھنٹے تک پیغام نشر کرسکتا ہے، اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے چھوٹے ایس ایم ایس اور ای میل پیغامات کو صرف انگوٹھا گھمانے سے بھیجا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس اہم ایجاد کا اینٹینا بنانا ایک چیلنچ تھا تاہم اور اب بیٹری کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے جو فی الحال صرف 2 گھنٹے تک کام کرسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اسے مستقبل کا ریموٹ کنٹرول بھی قرار دیا جارہا ہے ۔ مثلاً گھر میں داخل ہوتے ہی اگر آپ ناخن کے اسٹیکر پر دائیں سے بائیں انگلی پھیریں تو اس سے دروازہ کھل جائے اور بائیں سے دائیں پھیرنے پر گھر کی روشنی جلائی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔