سانحہ صفورا کے مزید 4 ملزمان گرفتار کرلئے، ایڈیشنل آئی جی کراچی

ویب ڈیسک  اتوار 24 مئ 2015
سانحۃ صفورا میں 12 ملزمان ملوث ہیں تاہم ان کا گروپ 35 ارکان پر مشتمل ہے، غلام قادر تھیبو  فوٹو:فائل

سانحۃ صفورا میں 12 ملزمان ملوث ہیں تاہم ان کا گروپ 35 ارکان پر مشتمل ہے، غلام قادر تھیبو  فوٹو:فائل

 کراچی: ایڈیشنل آئی جی غلام قادرتھیبو نے کہا ہے کہ سانحہ صفورا کے مزید 4 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا کی تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، دہشت گردی کی اس کارروائی میں 12 ملزمان ملوث ہیں تاہم ان کا گروپ 35 ارکان پر مشتمل ہے، جن کی گرفتاری کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں سندھ اور پنجاب میں روانہ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ گرفتاریاں کراچی اور اندرون سندھ سے عمل میں آئی ہیں، ان ہی ملزمان نے بس میں گھس کر فائرنگ کی تھی اور ان میں سے ایک ملزم کا تعلق برما سے ہے۔

پریس کانفرنس کے آغاز پر میڈیا کے نمائندوں نے گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں پولیس کی جانب سے صحافیوں پر تشدد کےواقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تقریب کا بائیکاٹ کیا تاہم ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے پولیس کے رویئے پر معذرت اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر میڈیا کے نمائندوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔

واضح رہے کہ پولیس نے چند روز قبل بھی سانحہ صفورا میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔