کراچی میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 اہلکار جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 27 مئ 2015
پولیس اہلکار نائٹ ڈیوٹی پر تعینات تھے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔ فوٹو: فائل

پولیس اہلکار نائٹ ڈیوٹی پر تعینات تھے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: عزیز آباد میں مسلح افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عزیزآباد کے علاقے بھنگوریا گوٹھ میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح افراد نے پولیس موبائل پر دو اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اہلکار نائٹ ڈیوٹی پر تعینات تھے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔ پولیس اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر سکندر اور کانسٹیبل اشرف اور عابد شامل ہیں۔

دوسری جانب ایس پی لیاقت آباد طاہر نورانی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ان کا پیچھا کیا تو ملزمان سے مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اب تک 49 پولیس افسران و اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔