وزیراعظم اور آرمی چیف کا کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم

ویب ڈیسک  منگل 1 ستمبر 2015

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس میں کراچی آپریشن اور آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر ملک میں امن و امان اور سرحدوں کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال اورا فغان امن عمل پر غور کیا گیا، ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف کو  امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس اور جرمن وزیر خارجہ سے ہونے والی ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ بھی دی اور انہیں نقل مکانی کرنیوالوں کی دوبارہ آبادکاری سے متعلق بھی بتایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بھتہ خوروں اور دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔