کراچی آج پھر گرمی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا

ویب ڈیسک  بدھ 30 ستمبر 2015
4 روز بعد کراچی کا موسم خوشگوار ہو جائے گا، ڈی جی میٹ۔ فائل فوٹو

4 روز بعد کراچی کا موسم خوشگوار ہو جائے گا، ڈی جی میٹ۔ فائل فوٹو

 کراچی: کراچی میں گرمی کی موجودہ لہر برقرار ہے اور آج شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز تک گرمی کی یہ لہر برقرار رہے گی۔

کراچی میں سورج کی جانب سے آگ برسانے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی شہر میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی 16 فیصد رہا۔ شدید گرمی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے جب کہ ہیٹ اسٹروک کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

قبل ازیں ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈی جی میٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم درجہ حرارت بڑھنے سے ہیٹ اسٹروک کا کوئی خدشہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر کا مہینہ گرم ترین مہینہ ہوتا ہے اور آئندہ 2 روز تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی، 4 روز بعد کراچی کا موسم خوشگوار ہو جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔