وزیراعلیٰ شہباز شریف سے کامیاب مذاکرات کے بعد کسان اتحاد نے مال روڈ پردھرنا ختم کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 19 مئ 2016
کسانوں کو وزیراعظم، وزیراعلیٰ یا اسحاق ڈار کے سوا کسی سے بات کرنے سے انکار۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

کسانوں کو وزیراعظم، وزیراعلیٰ یا اسحاق ڈار کے سوا کسی سے بات کرنے سے انکار۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کامیاب مذاکرات کے بعد کسان اتحاد نے مال روڈ پردھرنا ختم کردیا جب کہ صدر کسان اتحاد چودھری انور کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے تمام مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

لاہور میں مال روڈ چیئرنگ کراس پر پاکستان اتحاد کسان  کا محمد انور گروپ کی جانب سے دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں پنجاب بھر سے آئے ہوئے کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دھرنے میں شریک مظاہرین کا کہنا تھا کہ انھیں بجلی اور کھاد مہنگے داموں ملتی ہیں، حکومت واجبات ادا کرانے میں مدد نہیں کرتی جب کہ گندم کا دانہ بھی مناسب قیمت پر نہیں ملتا، گزشتہ روز سی سی پی او لاہور نے کسانوں سے مذاکرات کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے مذاکرات کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صرف وزیراعظم، وزیراعلیٰ یا پھر اسحاق ڈار سے مذاکرات کیے جائیں گے جس پر آج کسان اتحاد کے 14 رکنی کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔

دوسری جانب صدر کسان اتحاد چودھری انور کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی یقین دہانی پر دھرنا موخر کر دیا، انہوں نے تمام مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم مطالبات نہ مانے گئے تو دوبارہ دھرنا دیں گے۔

اس سے قبل گرمی سے ستائے مظاہرین نے غصے میں آکر وہاں موجود صحافیوں کو ہی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس کے باعث صحافیوں کو بھاگ کر جان بچانا پڑی۔ گزشتہ روز کسانوں کے دھرنے کے دوران ایک 70 سالہ شخص عبدالسمیع دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا جس کی لاش کو اس کے آبائی علاقے رحیم یار خان منتقل کردیا گیا۔

کسانوں کے ساتھ ساتھ پی آر ایس پی کے ملازمین نے بھی گزشتہ روز سے مال روڈ پر دھرنا دے رکھا تھا جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر اورملازمت اور اسکول سےآنے و جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔