لیہ میں نابینا خاتون سے زیادتی کے 2 مرکزی ملزم گرفتار، پولیس

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مئ 2016

لیہ: تیزاب گردی کے باعث بینائی کھودینے والی خاتون کو 3 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جب کہ پولیس نے 2 مرکزی ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیہ کے علاقے کوٹ سلطان کی رہائشی خاتون کو 2011 میں نامعلوم افراد نے تیزاب گردی کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث وہ اپنی بینائی کھو بیٹھی تھی، گزشتہ 5 برسوں سے نابینا خاتون کا ناصرف علاج جاری ہے بلکہ اس کے گھر والوں کی مالی حالت بھی انتہائی خراب ہے، متاثرہ خاتون جب معمول کے مطابق اپنی ادویات لینے اسپتال گئی تو چند افراد اسے زکوٰۃ کا جھانسہ دے کر ایک مکان میں لے گئے جہاں انہوں نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا۔

خاتون نے تھانہ کوٹ سلطان میں اپنی ہی مدعیت میں ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا۔  پولیس کو دیئے گئے بیان میں خاتون نے کہا ہے کہ اسے یونس، خالد اور سلیم نامی 3 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

لیہ پولیس نے زیادتی میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم خالد اور یونس کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جب کہ ان کے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔