نائن زیروسمیت ایم کیوایم کے مرکزی دفاترسیل، مکا چوک پرقومی پرچم لہرا دیا گیا

ویب ڈیسک  منگل 23 اگست 2016
کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ایم کیوایم کے دفاتر کو سیل کردیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ایم کیوایم کے دفاتر کو سیل کردیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی: ایم کیو ایم قائد کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد رینجرز نے کارروائی کر کے نائن زیرو سمیت پارٹی کے اہم دفاتر سیل کر دیئے جب کہ عزیز آباد کے مکا چوک پر ایم کیو ایم کی جگہ قومی پرچم لہرا دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے تمام مرکزی دفاتر سیل ہونے کے بعد پی ایس پی کارکنوں نے علی الصبح عزیز آباد کے علاقے میں مکا چوک پر پاکستانی پرچم لہرا دیئے۔ دوسری جانب عزیز آباد کے علاقے میں ہی پی ایس پی اور ایم کیو ایم کی خواتین کارکنان آمنے سامنے آ گئیں اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس سے قبل رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اور اطراف کے علاقے کا محاصرہ کیا اور عامر خان سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز اہلکاروں نے ایم پی اے ہاسٹل اور خورشید بیگم میموریل ہال کی بھی تلاشی لی۔ رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران نائن زیرو سے ملنے والے ریکارڈ سمیت دیگر اشیا بھی تحویل میں لے لیں۔

رینجرز کے آپریشن کے دوران خواتین اہلکار بھی ہمراہ تھیں جب کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری کو بھی علاقے میں طلب کرلیا گیا۔ رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کی مکمل تلاشی لی جس کے بعد اسے سیل کردیا، رینجرز نے ایم کیوایم قائد کے گھر اور شعبہ اطلاعات کو بھی سیل کردیا۔ کراچی میں حالات کی کشیدگی اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد ایم کیوایم کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم مرکز پر آپریشن مکمل ہونے کے بعد سیکٹر کمانڈر رینجرز خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پرآپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور آپریشن کے دوران تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا جب کہ ایم کیو ایم قائد کے گھر اور شعبہ اطلاعات سمیت ایم پی اے ہاسٹل کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پر آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے اسلحہ بھی ملا ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر کے شہری علاقوں میں ایم کیو ایم کے دفاتر سیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبے بھر کے تمام ایس ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس پیز کو اپنے اپنے علاقوں میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات ملی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔