کراچی میں ایم کیوایم کے دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اگست 2016
کراچی میں ایم کیوایم کے 190 سے زائد دفاتر کو مسمار کردیا گیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

کراچی میں ایم کیوایم کے 190 سے زائد دفاتر کو مسمار کردیا گیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

 کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے دفاتر کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 190 سے زائد دفاتر کو مسمار کردیا گیا ہے۔

متحدہ قائد کے پاکستان مخالف بیان کے بعد رینجرز نے نائن زیرو پر آپریشن کرکے اسے سیل کردیا جب کہ کراچی سمیت حیدرآباد سے بھی الطاف حسین کی تصاویر ہٹادی گئیں۔ اس کے علاوہ ایم کیوایم کے دفاتر کو بھی مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ ایم کیوایم کے مرکز عزیز آباد پر واقع ’’مکا چوک‘‘ کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

کراچی کے علاقے ملیر طارق بن زیاد سوسائٹی میں متحدہ کا دفتر گرادیا گیا جب کہ سادات کالونی، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد، مجید کالونی، محکمہ موسمیات میں قائم ایم کیو ایم کے یونٹ آفس کو بھی مسمار کر دیا گیا جب کہ زونل آفس سے ایم کیو ایم قائد کی تصاویر بھی ہٹادی گئی ہیں۔ صدر ٹاؤن میں بھی پاکستان چوک، ریلوے کالونی اور لائنز ایریا میں قائم ایم کیوایم کے دفاتر کو مسمار کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ایم کیوایم کے اب تک 190 سے زائد دفاتر کو مسمار کردیا گیا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں ایم کیوایم کے دفاتر کو مسمار کرنے کے بعد لوٹ مار بھی دیکھنے میں آئی جہاں مقامی افراد دفاتر میں سے پنکھے، میز اور کرسیوں سمیت دیگر سامان اٹھاکر لے گئے جب کہ اس دوران عوام میں سامان کی چھینا جھپٹی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔