قیام امن کیلیے اقدام ، سندھ پولیس ایک ارب روپے کی گاڑیاں خریدے گی

راحیل سلمان  پير 22 اکتوبر 2018

 کراچی: سندھ پولیس ایک ارب روپے مالیت کی گاڑیاں خریدے گی۔ 5 بکتر بند، 10 کاریں، 5 ایمبولینسیں، 185پک اپ، 13 ہیوی لفٹر اور315 موٹر سائیکلیں بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گی ۔

ان میں سے کچھ گاڑیاں کنٹریکٹ پر حاصل کی جائیں گی جبکہ کچھ گاڑیوں کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیے جائیں گے۔ مالی سال2018-19 کے بجٹ میں سندھ پولیس کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی مد میں ایک ارب روپے رکھے گئے تھے۔اس سلسلے میں مجموعی طور پر 99 کروڑ 92 لاکھ 48 ہزار 500 روپے کی سمری تیار کرلی گئی  ہے جو جلد ہی سندھ حکومت کے حوالے کر دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی لاگت کا اندازہ لگایا گیا ہے جس میں خریداری کے وقت ردوبدل ممکن ہے۔ آئی جی سندھ نے خریداری کا عمل شفاف بنانے کی خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔

بھیجی گئی تجاویز کے  5 بکتر بند گاڑیاں خریدی جائیں گی جن پر مجموعی طور پر 9 کروڑ 25 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ 44 کروڑ 81 لاکھ 23 ہزار 500 روپے لاگت کی فور بائی ٹو 165 پک اپ خریدی جائیں گی جس کی فی یونٹ قیمت 27 لاکھ 15 ہزار 900 روپے لگائی گئی ہے ۔ 7 کروڑ 80 لاکھ 78 ہزار روپے لاگت کی فور بائی فور 20 پک اپ کی فی یونٹ لاگت 39 لاکھ 3 ہزار 900 آئے گی ۔ 1300 سی سی کی 10 کاروں پر 2 کروڑ 9 ہزار روپے خرچ ہونگے جبکہ ایک یونٹ کی قیمت 20 لاکھ 900 روپے مختص کی گئی ہے۔ 3 کروڑ 17 لاکھ 54 ہزار 800 روپے کی 7 ریوو گاڑیوں کی سمری بھی بھیجی گئی ہے۔

جس میں ایک گاڑی کی قیمت 45 لاکھ 36 ہزار 400 روپے رکھی گئی ہے۔ 125 سی سی کی ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی 115 موٹر سائیکلیں بھی خریدی جائیں گی جس پر لاگت کا تخمینہ ایک کروڑ 73 لاکھ 30 ہزار 500 روپے لگایا گیا ہے۔

اسی طرح 150 سی سی کی 200 موٹر سائیکلوں کی فی یونٹ قیمت سوا 2 لاکھ روپے جبکہ مجموعی قیمت ساڑھے 4 کروڑ روپے طے کی گئی ہے ۔ تقریباً ڈھائی لاکھ روپے فی یونٹ مالیت کی 165 سوزوکی پک اپ بھی خریداری کا حصہ ہیں جن پر 4 کروڑ 8 لاکھ 91 ہزار 950 روپے کی لاگت آئے گی۔ 5 جدید ایمبولینسیں بھی سندھ پولیس خریدے گی جن پر 3 کروڑ 82 لاکھ 60 ہزار 750 روپے لاگت آئے گی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران مظاہرین کو تھانے منتقل کرنے کے لیے 10 قیدی وین بھی سندھ پولیس کے اسکواڈ کا حصہ بنیں گی جن کی فی یونٹ قیمت 41 لاکھ 70 ہزار روپے طے کی گئی ہے ۔

کسی بھی حادثے کی صورت میں ٹرک ، کنٹینر یا کسی بھی ہیوی گاڑی کو راستے سے ہٹانے کے لیے 3ہیوی لفٹر بمعہ کرین (15 ٹن وزنی) خریدے جائیں گے جس کی فی یونٹ مالیت ایک کروڑ 92 لاکھ روپے ہوگی جس پر مجموعی لاگت 5 کروڑ 76 لاکھ روپے آئے گی۔ اسی طرح 10 چھوٹے لفٹر (5 ٹن وزنی) بھی خریدے جائیں گے جن پر 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔