کینیڈین وزیراعظم کی اچانک مالی آمد، امن فوجی دستوں سے ملاقات

ویب ڈیسک  اتوار 23 دسمبر 2018
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل اپنے ملک کے سپاہیوں سے ملاقات کی۔ فوٹو : ٹویٹر

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل اپنے ملک کے سپاہیوں سے ملاقات کی۔ فوٹو : ٹویٹر

بماکو: وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اچانک دورے پر افریقی ملک مالی پہنچ گئے اور اپنے ہم منصب سے ملاقات سمیت اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل کینیڈا کے سپاہیوں سے بھی خصوصی بات چیت کی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو مالی کے غیر اعلانیہ دورے پر پہنچ گئے، اُن کے ہمراہ وزیر دفاع اور کینیڈا کی فوج کے سربراہ بھی تھے۔ مالی کے وزیراعظم نے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔

کینیڈین وزیراعظم نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مالی میں قیام امن کے لیے شدت پسندوں کے خلاف جاری کارروائی میں کینیڈی فوج کے سپاہیوں کے کردار پر بھی بات چیت کی۔

بعد ازاں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو وفد کے ہمراہ مالی میں تعینات اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل اپنے ملک کے سپاہیوں سے ملنے گئے، کینیڈین سپاہی وزیراعظم کو اچانک اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت میں ڈوب گئے۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کچھ وقت سپاہیوں کے ہمراہ گزارا اور انہیں کرسمس کے تحائف پیش کرتے ہوئے قیام امن کے لیے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھا کر ملک کا نام روشن کرنے پر سپاہیوں کا شکریہ ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔