اینٹوں کے بھٹوں کو جدید بنانے کے لیے قرضوں کی ری فنانسنگ کی سہولت کا اعلان

بزنس رپورٹر  بدھ 24 جولائی 2019
روایتی اینٹوں کے بھٹے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

روایتی اینٹوں کے بھٹے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسٹیٹ بینک نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین بینکنگ اقدامات کے تحت اینٹوں کے بھٹوں کو جدید بنانے کے لیے قرضوں کی ری فنانسنگ کی سہولت کا اعلان کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ہاؤسنگ اینڈ ایس ایم ای فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ سرکلر میں بینکوں اور مالیاتی اداروں کے سربراہان کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایس ایم ایز کو جدید بنانے اور توسیع کے لی قرضوں کی ری فنانسنگ کی سہولت کے تحت اینٹوں کے روایتی بھٹوں کو جدید بنانے کے لیے بھی قرضے جاری کیے جائیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق روایتی اینٹوں کے بھٹے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ روایتی بھٹوں کی اپ گریڈیشن کے لیے پلانٹ مشینری کی خریداری کے لیے ایس ایم ای ری فنانسنگ کی سہولت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے گرین بینکنگ کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید موثر بناتے ہوئے اینٹوں کے بھٹوں کے لیے ری فنانسنگ کی سہولت کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔