احمد گوڈیل نے معطلی کے بعد پی سی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی

ویب ڈیسک  اتوار 23 فروری 2020
اس ادارے کے لیے میں نے اپنے جوتے گھس دئیے، 10، 10 گھنٹے کام کیا اور آج اسی ادارے نے مجھے چھوڑ دیا، احمد گوڈیل فوٹوانٹرنیٹ

اس ادارے کے لیے میں نے اپنے جوتے گھس دئیے، 10، 10 گھنٹے کام کیا اور آج اسی ادارے نے مجھے چھوڑ دیا، احمد گوڈیل فوٹوانٹرنیٹ

کراچی: احمد گوڈیل نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پی سی بی پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں معطل کردیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ سیزن5 کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کرنے والے احمد گوڈیل کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ روز انہوں نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بتایا کہ انہیں پی سی بی نے معطل کردیا ہے ۔ ویڈیوکے ساتھ احمد گوڈیل نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مبارک ہو جیت گئے آپ لوگ، ہم بحیثیت قوم ناکام ہوچکے ہیں۔

اسی پیغام میں احمد گوڈیل نے پی سی بی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا بہت شکریہ آپ کا کہ آپ نے اس برے وقت میں میرا ساتھ دینے کے بجائے مجھے نکال دیا اور اکیلا چھوڑدیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل افتتاحی تقریب میں بدنظمی پرعلی عظمت کی انتظامیہ پر تنقید

ویڈیو میں احمد گوڈیل نے پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کو افتتاحی تقریب میں بدنظمی کا قصوروار قرار دیتے ہوئے کہا آپ سوچیں کہ یہ اتنی بڑی تقریب کا انتظام کیا میں نے اکیلے نے کیا تھا۔ سب لوگوں نے مجھ پر تنقید کی لیکن کسی نے بھی ان لوگوں کو کچھ نہیں کہا جنہوں نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا انتظام کیا تھا۔

آج جب لوگ مجھے ذلیل کررہے ہیں سائبر بلنگ کا نشانہ بنارہے ہیں تو اس وقت جب مجھے میرے ادارے کی سب سے زیادہ ضرورت تھی اسی ادارے نے مجھ پر سے ہاتھ اٹھالیا اورکہا جاؤ اپنی جنگ خود لڑو۔ اس ادارے کے لیے میں نے اپنے جوتے گھس دئیے، 10، 10 گھنٹے کام کیا اور آج اسی ادارے نے مجھے چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی عظمت کے الزامات پر علی ظفر کا منفرد انداز میں ردعمل سامنے آگیا

مجھے نکالتے وقت بولا گیا کہ آپ تنقید کا نشانہ بننے کے بعد اپنا موقف پیش کرنے کے لیے کس کی اجازت سے مختلف چینلزپر گئے؟ احمد گوڈیل نے کہا پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں جتنی بھی بدنظمی ہوئی وہ سب اس ادارے کی غلطی تھی آپ کو مجھے بتانا چاہیئے تھا کہ مجھے براہ راست ٹی وی پر دکھایا جائے گا اور پوری تیاری کے ساتھ گراؤنڈ میں میرے ساتھ اترنا چاہیئے تھا لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

 

احمد گوڈیل نے کہا میری جگہ تقریب کے میزبان فخر عالم کو جانا چاہیئے تھا لیکن اس وقت میں گیا اور جب مجھے آج آپ کی ضرورت پڑی تو آپ نے مجھ سے میری نوکری چھین لی اور فون کرکے کہا گھر پر ہو گھر پر ہی رہو ہمیں اب آپ کی ضرورت نہیں ہے۔

احمد گوڈیل نے پاکستانی عوام سے مخاطب ہوکر کہا آپ لوگوں نے سارا ملبہ مجھ پر ڈال دیا اور جو لوگ اس سب کے ذمہ دار ہیں انہیں کچھ بھی نہیں کہا گیا۔

واضح رہے اس سے قبل احمد گوڈیل نے ایک اور ویڈیو شیئر کراتے ہوئے کہا تھا کہ پی سی بی نے مجھے اسلیے معطل کیا کیونکہ میں نے علی ظفر کے بارے میں بات کی تھی۔ اگر مجھے نکالنا ہی تھا  تو کوئی بہتر وجہ دیتے کچھ بھی کہہ دیتے کہ میں پروفیشنل نہیں ہوں یا مجھ میں ڈسپلن نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔