علی عظمت کے الزامات پر علی ظفر کا منفرد انداز میں ردعمل سامنے آگیا

ویب ڈیسک  جمعـء 21 فروری 2020
 آپ کی زندگی میں ازدواجی مسٔلہ ہو یا گانا کامیاب نہیں ہوا تو اُس کا ذمہ دار میں ہوں، علی ظفر کا طنز ۔ فوٹو: فائل

آپ کی زندگی میں ازدواجی مسٔلہ ہو یا گانا کامیاب نہیں ہوا تو اُس کا ذمہ دار میں ہوں، علی ظفر کا طنز ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: گلوکار علی عظمت کی جانب سے علی ظفر پر تنقید کے بعد گلوکار علی ظفر کا بیان سامنے آگیا ہے۔

پی ایس ایل سیزن فائیو کے گانے کو سوشل میڈیا پر ملنے والی تنقید کے بعد علی عظمت نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالف آرٹسٹ کے کہنے پر کچھ بلاگرز کی جانب سے ہمارے گانے پر جان بوجھ کر تنقید کی گئی جس کی وجہ سے گانا تنازع کا شکار ہوا۔

علی عظمت کے بیان پر علی ظفر بھی خاموش نہ رہے۔ انہوں نے بھی ردعمل میں منفرد انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی زندگی میں کوئی ازدواجی یا سماجی مسئلہ ہو، اگر کاروبار، گانا یا کوئی ایونٹ نہیں چل رہا تو اُس کا ذمہ دار آپ بالکل نہیں ہیں بلکہ میں ہوں کیوں کہ میں اتنا طاقتور ہوں کہ میرے ہر جگہ اپنے بلاگرز ہیں۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کیا ہیں؟ انہیں صدر کس نے منتخب کروایا؟ آپ کے بھائی علی ظفر نے، ایسا کریں آپ لوگ اپنے کمرے میں ایک بورڈ لگائیں اور اس پر میری تصویر لگائیں اور روز صبح اُٹھ کر برائیاں کریں، اس طرح دل ہلکا ہوگا اور غصہ کم ہوگا بلکہ آپ یہ چاہتے ہیں کہ میں خود آپ کے سامنے کھڑے ہوجاؤں تو میں حاضر ہوں۔

یہ پڑھیں: پی ایس ایل افتتاحی تقریب میں بدنظمی پرعلی عظمت کی انتظامیہ پر تنقید

ویڈیو کے دوران پی ایس ایل سیزن ٹو میں علی ظفر کی جانب سے بنایا ہوا گانا بجنا شروع ہوجاتا ہے جس پر وہ کہتے ہیں کہ بند کریں یہ گانا کیوں بار بار یہ گانا لگا دیتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس اُمید کے ساتھ آج آپ سکون سے سوئیں کیوں کہ آپ کا بھائی حاضر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔