لاہور کے شہری کا ایک لاکھ پودے لگانے کا عزم

آصف محمود  پير 2 اگست 2021
موجودہ حکومت نے ملک بھرمیں شجرکاری پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے فوٹو: ایکسپریس

موجودہ حکومت نے ملک بھرمیں شجرکاری پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: مون سون اورپلانٹ فارپاکستان مہم کے دوران ملک بھرمیں شجرکاری کی جارہی ہے اورعام شہری بھی اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں، لاہورسے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے منفرد ریکارڈ قائم کرنے کے لئے انفرادی طور پر ایک لاکھ پودے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے، لاہورسیالکوٹ موٹروے ایسٹرن بائی پاس کے ساتھ پودے لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، موجودہ حکومت نے ملک بھرمیں شجرکاری پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے جس کی وجہ سے اب عام شہری بھی اس کام میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں،لاہورسے تعلق رکھنے والے فیلڈ اسپورٹس وکنزویشن سوسائٹی کے چیئرمین بدر منیر نے ملک میں ایک منفرد ریکارڈ قائم کرنے کے لئے انفرادی طور پر ایک لاکھ پودے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

بدر منیر نے بتایا کہ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت لاہور سیالکوٹ موٹروے ایسٹرن بائی پاس کے لوپس اور اطراف میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ 50 ہزار پودے انٹرچینچ لوپس جبکہ 50 ہزار پودے موٹروے کے اطراف میں لگائے جائیں گے۔ ہم یہاں مقامی پودے لگارہے ہیں جن میں جامن، ارجن، نیم، پیپل، شہتوت سمیت دیگر پھل دارپودے شامل ہوں گے تاکہ ان درختوں پر پرندے گھونسلے بناسکیں اور ماحول کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کو بھی بچایا جاسکے۔

بدرمنیر کے مطابق عام طورپرلوگ شجرکاری مہم میں حصہ لیتے اورشوق سے پودے بھی لگاتے ہیں لیکن پودے لگانے کے بعد بھول جاتے ہیں، ہم ایسانہیں کریں گے ،دوسال تک ان پودوں کی دیکھ بھال اورانہیں پانی دینامیری ذمہ داری ہوگی۔ جب یہ پودے گروتھ پکڑناشروع کریں گے تو پھران کی دیکھ بھال نیشنل ہائی وے کی ذمہ داری ہوگی۔انہوں نے بتایا بعض این جی اوز اورسرکای محکمے زیادہ ترایسے پودے لگاتے ہیں جوجلدی بڑے ہوتے ہیں لیکن یہ پودے ہمارے ماحول کے موافق نہیں ہوتے جس سے ہماری وائلڈلائف کونقصان پہنچتا ہے۔

کلائمنٹ چینچ کونسل کےممبرغضنفرعلی لنگاہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لئے درخت لگانا انتہائی ضروری ہے، جتنے زیادہ درخت ہوں گے ہم اتناہی زیادہ اپنی زمین، اپنے ماحول ،اس سے جڑے جانداروں کوبچاسکیں گے۔ جس تیزی کے ساتھ پاکستان میں لوگ شجرکاری کررہے ہیں انشااللہ وہ دن دورنہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں ہوگا جنہوں نے درختوں کے ذریعے اپنی زمین اور اپنے لوگوں کو بچانے میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی آئندہ چند روزمیں اس منفرد منصوبے کا جائزہ لینے یہاں پہنچیں گے جبکہ 5 اگست کو گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، صوبائی وزیر جنگلات سردار سبطین خان اور صوبائی وزیر جنگلی حیات سید صمصمام بخاری بھی اس جگہ کا دورہ کریں گے اورایک شہری کی اس انفرادی کوشش کاجائزہ لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔