عتیقہ اوڈھو اپنی سیاسی مخالف مریم اورنگزیب کی حمایت میں سامنے آگئیں

ویب ڈیسک  منگل 27 ستمبر 2022
عتیقہ اوڈھو نے  مریم اورنگیز کے ساتھ پیش آئے واقعے پر مذمت کی ہے(فائل فوٹو)

عتیقہ اوڈھو نے مریم اورنگیز کے ساتھ پیش آئے واقعے پر مذمت کی ہے(فائل فوٹو)

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اور پی ٹی آئی کی رُکن عتیقہ اوڈھو اپنی سیاسی مخالف مریم اورنگزیب کی حمایت میں بول پڑیں۔

عتیقہ اوڈھونے  اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مریم اورنگیزیب کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعے پر مذمت کی ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں عتیقہ اوڈھو نے لکھا کہ ’ہوسکتا ہے آپ کسی کی سیاست سے متفق نہ ہوں لیکن اس نوعیت کی ہراسانی سب کیلئے ناقابل قبول ہے، یہ قومی مسائل کا حل نہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جب اوورسیز پاکستانی ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں تو دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر خراب ہوتا ہے، وہ مسائل کے حل کے بجائے خود مسئلے کا حصہ بن رہے ہیں‘۔


عتیقہ اوڈھو نے مزید لکھا کہ ’میں اپنے دوستوں اور مداحوں سے درخواست کرتی ہوں کہ برے اور بچگانہ سلوک سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، اگر آپ کسی چیز سے خوش نہیں ہیں تو باوقار رہتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار ووٹنگ سے کریں‘۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’جذبات، ثبوت یا درست معلومات کی کمی کے بہاؤ میں بہہ نہ جائیں، ہمیشہ حقائق اور ثبوت رکھیں اور پھر قانون پر عمل کریں، ورنہ یاد رکھیں ان کے بغیر آپ پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں‘۔ عتیقہ اوڈھو نے اپنی پوسٹ میں مریم اورنگزیب کو ٹیگ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک ویڈیو  وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں نے مقامی کیفے اور سڑک پر مریم اورنگزیب کے خلاف نعرے بازی کر کے انہیں ہراساں کیا تھا اور ان سے سوال جواب کئےتھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔