تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی نے استعفے جمع کرادیے

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 ستمبر 2014
تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سیکریٹری سندھ اسمبلی کو استعفے پیش کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سیکریٹری سندھ اسمبلی کو استعفے پیش کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے ارکان سندھ اسمبلی ثمر علی خان ،خرم شیرزمان، سیدحفیظ الدین اور ڈاکٹر سیما ضیا نے پیرکو سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو کو اپنے استعفے جمع کرادیے۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی نے کہا کہ استعفے مزید کارروائی کے لیے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دررانی کو بھیجے جائیں گے ، ہمارے ریکارڈ کے مطابق سید حفیظ الدین رکن سندھ اسمبلی نہیں رہے ہیں اس لیے ان کے استعفیٰ کی کوئی حیثیت نہیں ہے، سندھ اسمبلی حلقہ پی ایس 93 سے جماعت اسلامی کے عبدالرزاق خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ہمارے پاس موجود ہے اگر سید حفیظ الدین عدالت سے بحال ہوئے ہیں تو ان کا نوٹیفکیشن تاحال ہمیں موصول نہیں ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 3 ارکان کے استعفے مزید کارروائی کے لیے اسپیکر کو بھیج دیں گے۔

اس موقع پر سید حفیظ الدین نے کہا کہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں کے خلاف پارٹی پالیسیوں کے مطابق ہم مستعفی ہو رہے ہیں، اس لیے ہم نے استعفے جمع کرائے ہیں،انھوں نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی کا اختلاف اپنی جگہ لیکن میں پارٹی پالیسی کے مطابق استعفیٰ دے رہا ہوں، ڈاکٹر سیما ضیا نے کہا کہ ان اسمبلیوں میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، شفاف انتخابات کے ذریعے دوبارہ اسمبلیوں میں آئیں گے، خرم شیر زمان نے کہا کہ اسمبلیاں دھاندلی کی پیدوار ہیں، ثمر علی خان نے کہا کہ پارٹی کی ہدایت پر استعفیٰ جمع کرایے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔