امریکی صدر باراک اوباما 3 روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے

ویب ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
امریکی صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جوہری معاہدے سمیت کئی معاہدوں پر پیشرفت اور دستخط کئے جائیں گے۔  فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جوہری معاہدے سمیت کئی معاہدوں پر پیشرفت اور دستخط کئے جائیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دلی: امریکی صدر باراک اوباما 3 روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے  ہیں جہاں وہ بھارت کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔

باراک اوباما اپنی اہلیہ مشعل اوباما کے ہمراہ نئی دہلی ایئرپورٹ پہنچے تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نہ صرف امریکی صدر کا خود استقبال کیا بلکہ روایت کے برعکس ان سے گلے بھی ملے جس کے بعد باراک اوباما نریندر مودی کے ہمراہ خصوصی گاڑی میں صدارتی محل (راشٹر پتی بھون) پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

باراک اوباما اپنے دورے کے دوران بھارت کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر کئی ملاقاتیں کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ وہ کل بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، امریکی صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جوہری سمیت کئی معاہدوں پر پیشرفت اور دستخط کئے جائیں گے جب کہ باراک اوباما کے دورے کے دوران دارالحکومت میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ باراک اوباما کا اپنے دور اقتدار میں یہ بھارت کا دوسرا دورہ ہے، اپنے دورے کے دوران باراک اوباما نے تاج محل دیکھنے کے لئے آگرہ بھی جانا تھا تاہم سعودی فرماں روا شاہ عبد اللہ کی وفات کے بعد انہوں نے تاج محل دیکھنے کا ارادہ منسوخ کردیا اور  اب امریکی صدر 27 جنوری کو شاہ عبد اللہ کی وفات پر تعزیت کے لئے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔