آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیر اعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جنوری 2015
دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو جو چیلنج درپیش ہے اس کے لئے ایسی ہی اعلیٰ تربیتی فورس کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کا خاتمہ کرسکے، نواز شریف  فوٹو: پی آئی ڈی

دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو جو چیلنج درپیش ہے اس کے لئے ایسی ہی اعلیٰ تربیتی فورس کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کا خاتمہ کرسکے، نواز شریف فوٹو: پی آئی ڈی

لاہور: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں ہر حال میں جیتنی ہے کیونکہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پولیس ٹریننگ اسکول لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو جو چیلنج درپیش ہے اس کے لئے ایسی ہی اعلیٰ تربیتی فورس کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کا خاتمہ کرسکے، عوام کی حفاظت اور امن وامان ہماری پہلی ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمیں ہر حال میں جیتنی ہے کیونکہ یہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک جانب جہاں ہماری پاک فوج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے تو وہیں دوسری جانب نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جارہا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری معاشی اور معاشرتی بقا کا معاملہ ہے اور اس کے خلاف پوری قوم اور اداروں نے متفقہ فیصلہ دیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج کی تقریب انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے دستے کے نام ہے جو پاس آؤٹ ہو رہا ہے، فورس کی ٹریننگ میں پاک فوج، پولیس اور متعلقہ اداروں نے حصہ لیا جب کہ اس کے قیام اور ٹریننگ کے لئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی عمدہ کردار ادا کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور امید ہے کہ دیگر صوبے بھی جلد انسداد دہشت گردی فورس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی فورس کو ہزاروں اہلکاروں تک لے جائیں گے جس سے شہریوں کو تحفظ کا احساس ہوگا، فورس کو جدید ترین اسلحے سے لیس کیا جائے گا جس کے بعد فورس کے ہاتھوں کوئی مجرم نہیں بچنا چاہئے جب کہ اس حوالے سے جلد آرمی چیف کے ہمراہ کراچی اور کوئٹہ جاؤں گا جہاں سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے شکارپور واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے نے پوری قوم کو سوگوار کردیا ہے لیکن ایسے واقعات نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے اور جب قوم متحد ہو تو کسی چیلنج سے نمٹنا مشکل نہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ توانائی کا بحران بھی ہمارے لئے چیلنج ہے، ہمارے پچھلے دور حکومت میں ایسے مسائل نہیں تھے جیسے آج ہیں، بجلی بحران کے خاتمے کے حوالے سے کوئی دعویٰ نہیں کرتا لیکن اپنی مدت میں ہی اس مسئلے کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔