پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا فائدہ پورے خطے کو ہو رہا ہے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 فروری 2016
دہشت گردی کے خاتمہ کا عزم غیر متزلزل ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا، وزیر دفاع فوٹو؛ فائل

دہشت گردی کے خاتمہ کا عزم غیر متزلزل ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا، وزیر دفاع فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمہ کا عزم غیر متزلزل ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف شروع کیا گیا آپریشن ضرب عضب کے نتائج سے پورے خطے کو فائدہ ہورہا ہے۔

میونخ میں  جاری سیکیورٹی کانفرنس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے برطانیہ، ایران اور بیلا روس کے ہم منصبوں اور چینی فارن ریلیشنز کمیٹی کی چیئرمین سمیت مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں آپریشن ضرب عضب، خطے میں  انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سمیت 2 طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمہ کا عزم غیر متزلزل ہے جب کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج پاکستانی قوم اور پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری  دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں  اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار اور اقدامات کو تسلیم کرتی ہے۔

عالمی برادری کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  پاکستان سے تعاون بڑھائے کیونکہ آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں  کا فائدہ پورے خطہ کو ہو رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔