فون کو ڈرون بنانے والی حیرت انگیز کیسنگ

ویب ڈیسک  پير 30 جنوری 2017
سیلفلائی کی قیمت 79 ڈالر ہے لیکن بعد میں یہ مزید مہنگا دستیاب ہوگا۔ فوٹو: بشکریہ سیلفلائی کمپنی

سیلفلائی کی قیمت 79 ڈالر ہے لیکن بعد میں یہ مزید مہنگا دستیاب ہوگا۔ فوٹو: بشکریہ سیلفلائی کمپنی

واشنگٹن: بازار میں سیلفی لینے والے بہت سے ڈرون موجود ہیں لیکن فون کے ساتھ ساتھ انہیں بھی اٹھائے رکھنا بہت مسئلہ ہوتا ہے۔ اس کا علاج ایک نئی کمپنی سیلفلائی نے پیش کیا ہے۔ یہ ڈرون کیمرے سے لیس ہے اور اس کے پر سکڑ کر اسمارٹ فون کا حصہ بن جاتے ہیں بلکہ یوں کہئے کہ ڈرون آپ کے فون کی کیسنگ سے منسلک ہوجاتا ہے۔

سیلفلائی کو استعمال کرنے کے لیے اپنے اسمارٹ فون کی کیسنگ کھولیں اور اس کے اندر سمٹی ہوئی موٹریں اور پنکھے ازخود باہر آجائیں گے۔ اس کے بعد اسے ہوا میں اچھال دیجئے اور پھر ہوا سے سیلفی اور ڈرون ویڈیو کا لطف اٹھائیے۔ فون میں وائی فائی کنکشن ہے جبکہ فون کو اینڈروئیڈ اور آئی او ایس ایپ کے ذریعے ایک ورچوئل جوائے اسٹک کے ذریعے اسمارٹ فون کے اسکرین سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

ڈرون کی موٹائی 9 ملی میٹر ہے اور اس میں 8 میگا پکسل کیمرہ نصب ہے جو 1080 پکسل یا 30 فریم فی سیکنڈ کی ویڈیو بناتا ہے۔ اس میں 650 ایم اے ایچ کی بیٹری نصب ہے جو ایک مرتبہ چارج ہونے پر ڈرون کو پانچ منٹ تک محو پرواز رکھ سکتی ہے۔

ایک اڈاپٹر کے ذریعے سیلفی ڈرون 4 سے 6 انچ والے کئی فونز سے جڑسکتا ہے۔ ان میں یہ آئی فون 6، آئی فون 6 پلس، آئی فون 7، آئی فون 7 پلس، گیلکسی ایس 6 ایج، گیلکسی ایس 6، گیلکسی 7، گیلکسی 7 ایج اور نیکسس 6 کے ساتھ کارآمد ہے۔ فی الحال یہ منصوبہ کک اسٹارٹر پرمطلوبہ رقم فنڈنگ کی تلاش میں ہے اور ابھی اس کی قیمت 79 ڈالر ہے لیکن اس کے بعد سیلفلائی کی قیمت 139 ڈالر ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔