پاناما جے آئی ٹی (ن) لیگ کا الیکشن سیل ہے، طاہرالقادری

ویب ڈیسک  اتوار 11 جون 2017

 لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ پاناما جے آئی ٹی (ن) لیگ کا الیکشن سیل ہے اور اس سے خیر خواہی کی کوئی امید نہیں ہے۔

چھ ماہ بعد وطن پہنچنے کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاناما جے آئی ٹی حکمران جماعت کا الیکشن سیل ہے اور وہ (ن) لیگ کی الیکشن مہم اور نعرے تیار کر رہی ہے، اس سے خیر کی توقع رکھنے والوں پر حیران ہوں، اس سے خیر خواہی کی امید نہیں، حسین نواز کو کرسی میز رکھ کردی گئی اور ان کے اپنے میڈیا سیل نے تصویر بنا کر جاری کی اور پھر خود ہی تبصرے بھی کر رہے ہیں، ملک میں عدل و انصاف کا قتل ہو رہا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہر قسم کی پیشرفت روک دی گئی ہے، قصاص تحریک کا ایک راؤنڈ ہوا ہے ابھی دو کا حق محفوظ رکھتے ہیں، تمام سیاسی قیادتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، تخت لاہور کے خلاف سب کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے، سب کو یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھا کرنے کے لیے جو ممکن ہوا کریں گے۔

طاہرالقادری نے کہا کہ معلوم ہے ملک میں آئین، قانون اور عدالتوں کا حال کیا ہے لیکن مرتے دم تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے قانونی جنگ لڑتے رہیں گے، کارکنوں کے قاتل دونوں بھائی ہیں ، جنھیں طلب نہیں کیا گیا، حکمرانوں اور 124پولیس افسران کی طلبی ہی نہیں ہوئی، ہم نے شہدا کے خون سے وفاداری کی قسم کھائی ہے، قصاص تحریک کے دو راؤنڈ باقی ہیں۔ احتجاج کے حق کو مناسب وقت پر استعمال کریں گے ، سلامتی کے دشمن ملکوں کے ایجنٹ بر سر اقتدار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر ہر قسم کی پیشرفت روک دی گئی ہے، بینچ ٹوٹے اب بینچ ہے تو تاریخ ہی نہیں مل رہی، جسٹس باقر نجفی رپورٹ پر درخواست گزشتہ سال سے التوا میں ہے، عدالت کوئی فیصلہ تو کرے تب سپریم کورٹ میں جائیں گے لیکن فیصلہ جو بھی ہو ہم شہیدوں کے خون کے لیے انصاف مانگتے رہیں گے اور خاموش نہیں بیٹھیں گے، مرتے دم تک قانون کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاناما معاملے پر پہلے ہی انا للہ پڑھ لیا تھا اب کفن پہنایا جارہا ہے

پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پاناما جے آئی ٹی کے ذریعے ملک کے20 کروڑعوام کو پاگل بنایا جا رہا ہے جب کہ حسین نواز کی تصویر اس لیے بنائی گئی تاکہ تاثر دیا جائے کہ ظلم ہو رہا ہے، انقلاب آئیگا تبدیلی آئیگی اور ملک کا مقدر بدلے گا ، اس ملک کے الیکشن کو الیکشن نہیں سمجھتے یہ سب فراڈ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔