حد بندیوں کیخلاف اہلیان کراچی کا الیکشن کمیشن کے دفتر پر احتجاج

اسٹاف رپورٹر  منگل 26 مارچ 2013
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر کے سامنے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کیخلاف مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر کے سامنے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کیخلاف مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:  متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں سے انصاف چاہتے ہیں۔

ہم کسی کاحق نہیں چھینناچاہتے اورنہ ہی اپناحق کسی کو چھیننے دینگے، الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی کے مختلف حلقوںمیں نئی حد بندیاںغیرقانونی اورغیرآئینی ہیں جوکراچی کے حقوق پرڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیرکو اہالیان کراچی کے زیراہتمام الیکشن کمیشن سندھ کے دفترکے باہرکراچی کے چند حلقوں میں کی گئی نئی حدبندیوں کے خلاف جاری پرامن احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا،حد بندیوں کیخلاف اہالیان کراچی کے پرامن احتجاجی مظاہرے میں عوام نے بڑی تعدادمیں شرکت کی جن میںبزرگ، نوجوان اور بچوں سمیت خواتین بڑی تعدادمیں شریک تھیں،مظاہرین نے ہاتھوںمیں پلے کارڈزاوربینرزاٹھا رکھے تھے جن پرحد بندیوں کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔

جبکہ مظاہرین وقفے وقفے سے فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے تھے،وسیم آفتاب نے کہاکہ ریاستیں آئین و قانون کے تحت چلائی جاتی ہیں،یہ کیسا قانون ہے جواپنے ہی ملک کے ایک شہرکے ساتھ باربارزیادتی کر رہا ہے ، انھوں نے چیف الیکشن کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہم آپ کااحترام کرتے ہیں لیکن ہمارے حقوق غصب کیے گئے اور بلا جواز حدبندیاں کی گئیں تو کراچی کے عوام اچھی طرح اپنا حق لیناجانتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ڈرگ مافیا،لینڈمافیا،اسلحہ مافیااورجرائم پیشہ عناصر جو کراچی میں اپنے ووٹ بینک کی باتیں کرتے ہیں۔

یہ سب کراچی دشمن ہیں جوصرف اپنے مفادات اورناجائز کاموں کی بنا پرسیاسی جماعتوں کے جھنڈے اٹھالیتے ہیں، 1993 میں بھی اسی ریاست نے ضمنی الیکشن کرائے تھے اور ایم کیو ایم نے بائیکاٹ کیا تھا اور پوری دنیانے دیکھاتھاکہ اسی شہرسے الیکشن جتنے والوں کو صرف 5,5سوووٹ ملے تھے، وسیم آفتاب نے کہاکہ قائدتحریک الطاف حسین اس ملک کے غریب ومتوسطہ عوام کی تقدیر بدلنا اور عوام کے غصب شدہ حقوق واپس دلاناچاہتے ہیں تاہم سازشی عناصر قائد تحریک کی عملی جدوجہد میں مشکلات پیدا کرکے حق پرستی کے قافلے کوروکناچاہتے ہیں۔

اس ملک میں اگرکہیں ظلم وزیادتی ہو رہی ہے تووہ کراچی اوراس کے عوام کے ساتھ ہورہی ہے لہٰذا کراچی کے عوام کا پر زور مطالبہ ہے کہ حدبندیوں کافیصلہ واپس لیاجائے اورشفاف انتخابات کرائے جائیں، اس موقع پر سابق رکن سندھ اسمبلی علیم الرحمن نے کہاکہ نئی حدبندیاں کراچی دشمنی ہے، پورے پاکستان کوچھوڑکرصرف کراچی کے مخصوص علاقوں میں حد بندیاں کی گئی ہیں۔

چندروزقبل ہی الیکشن کمشنر نے کہاتھاکہ حدبندیوں کی ضرورت نہیں، یہ آئینی اورقانونی طورپرغلط ہیں۔انھوں نے کہاکہ آج اہالیان کراچی مطالبہ کررہے ہیں کہ فوری طور یہ احکام واپس لیے جائیں، عوام کایہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گاجب تک الیکشن کمیشن غیرآئینی وغیرقانونی اقدام کوواپس نہیں لے لیتا ۔ بعدازاں مظاہرین پرامن طورپرمنتشرہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔