بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے شہری شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 23 فروری 2018

 راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک شہری کو شہید کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، اور آج بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص انضمام ولد محمد امین شہید ہو گیا ہے، پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کرنے والی بھارتی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والا شخص تیتری نوٹ گاؤں کا رہائشی تھا اور وہ دریائے پونچھ کے کنارے کرش پلانٹ پر کام کر رہا تھا۔ ایک نہتے رہائشی کو اپنی بربریت کا نشانہ بناکر بھارتی فوج نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی

واضح رہے گزشتہ روز بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے کھوئی رٹی سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کر کے ایک بچے کو شہید کرنے پر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تھا جب کہ ایک احتجاجی مراسلہ بھی پیش کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ رواں برس کے صرف ڈیڑھ ماہ میں ہی 390 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں جس میں 15 بے گناہ شہری شہید اور 65 افراد زخمی ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔