ایس آئی یو ٹی میں بشیر داؤد آپریشن اینڈ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح

فصاحت فاطمہ  ہفتہ 3 مارچ 2018
ایس آئی یوٹی بشیر دائود ٹرانسپلانٹ تھیٹرکمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر ادیب رضوی خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ایس آئی یوٹی بشیر دائود ٹرانسپلانٹ تھیٹرکمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر ادیب رضوی خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی:  سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ سینٹر میں بشیر داؤد اسٹیٹ آف دی آرٹ جدید آپریشن اینڈ ٹرانسپلانٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب ہوئی یہ پہلا آپریشن تھیٹر ہے جو اسٹیٹ آف دی آرٹ کی ضرورتوں کے تحت بنایا گیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ادیب رضوی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں آج فخر ہے کہ بشیر داؤد سینٹر کا افتتاح ہوگیا۔ سلیمان داؤد جوکہ بشیر داؤد کے والد ہیں ان سے دوستی تھی یہی وجہ تھی کہ یہ دوستی اسپتال کی مدد میں تبدیل ہوگئی۔

ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ سلیمان داؤد میرے پاس علاج کے لیے آئے تھے لیکن میں نے ان سے علاج کے بدلے کچھ نہیں لیا جس پر سلیمان داؤد حیران ہوئے اس واقعے نے سلیمان داؤد کی زندگی پر ایسا اثر ڈالا کہ سلیمان داؤد کے نام کا ڈائیلیسز سینٹر، آپریشن سینٹر سپتال میں ان کی مدد سے تعمیر کیا گیا ، ایس آئی یو ٹی کے پاس اب 35 جدید ڈائیلیسز مشینیں ہیں جو سال بھر مفت علاج کرتی ہیں۔

ڈاکٹر ادیب رضوی نے مزید کہا کہ ان کا مقصد تھا کہ اگر کوئی علاج نہیں کراسکتا اور وہ اتنی استطاعت نہیں رکھتا تب بھی اس کا زندگی پر حق ہے انھوں نے کہا کہ بچوں کے ڈائیلیسز بھی ایس آئی یوٹی میں ہوتے ہیں جو کہ سالانہ 10ہزار سے زائد ہیں ۔

ایس آئی یو ٹی جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا ڈائیلیسز سینٹر ہے جو 3 لاکھ 25 ہزار ڈائیلیسز کرتا ہے بشیر داؤد نے ہمیشہ اسپتال کی بہتری کے لیے مدد کی اسپتال کے آنکولوجی سینٹر کی تعمیر میں بھی بشیر داؤد کا ہاتھ ہے یہی وجہ ہے کہ ایس آئی یو ٹی کا آنکولوجی سینٹر حنیفہ آنکولوجی سینٹر کا نام بشیر داؤد کی والدہ ماجدہ کے نام پر رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ ریڈیولوجی سے لے کر اسپتال میں ہر قسم کا علاج مفت ہوتا ہے ایس آئی یو ٹی میں ذات پات اور رتبے سے بالا تر ہو کر کام کیا جاتا ہے۔ ایس آئی یو ٹی میں بریکوتھراپی بھی کی جاتی ہے یہ تکنیک پاکستان میں اب تک شوکت خانم اسپتال کے بعد ایس آئی یو ٹی کے پاس ہے جبکہ اسپتال میں رینل ٹرانسپلانٹ بھی کامیابی سے کیا جاتا ہے بشیر داؤد ٹرانسپلانٹ آپریشن تھیٹر کے افتتاح کے بعد ایس آئی یو ٹی میں آپریشن تھیٹر کی تعداد 24 ہوگئی ہے۔

تقریب میں ادارے کی وائس چیئرپرسن فاطمہ زبیدہ مصطفی نے بھی خطاب کیا اور انھوں نے ڈاکٹر ادیب رضوی کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی ایک جدید علاج فراہم کرنے والا ایسا ادارہ ہے جہاں مفت علاج کیا جاتا ہے انھوں نے کہا کہ اسپتال کی ترقی میں بشیر داؤد اور ان جیسے کئی ڈونرز کا ہاتھ ہے۔

افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر ادیب رضوی کے ہمراہ اسپتال کے کئی طبی ماہرین نے شرکت کی اس موقع پر طبی ماہر افتتاحی تقریب میں پاکستان کی نامور شخصیات کے وڈیو پیغامات دکھائے گئے جس میں فنکاروں اور ادیبوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مرنے کے بعد اپنے اعضا عطیہ کرنے کے پیغامات دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔