احسن اقبال کے دماغی معائنے کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

محمد ہارون  بدھ 6 جون 2018
احسن اقبال کی جانب سے توہین آمیز زبان ان کی ذہنی حالت ظاہر کرتی ہے، درخواست گزار فوٹو: فائل

احسن اقبال کی جانب سے توہین آمیز زبان ان کی ذہنی حالت ظاہر کرتی ہے، درخواست گزار فوٹو: فائل

لاہور  : عدلیہ مخالف بیان بازی کرنے پر سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے دماغی معائنے اور زبان بندی کے لئے ہائی کورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی۔

بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے عدلیہ مخالف بیان بازی کر کے آئین کی خلاف ورزی کی، بطور وزیر داخلہ احسن اقبال کی جانب سے توہین آمیز زبان ان کی ذہنی حالت کو ظاہر کرتی ہے، سابق وزیر داخلہ کا عہدہ اس قسم کی زبان استعمال کرنے پرقدغن عائد کرتا تھا، احسن اقبال نے عدلیہ مخالف تقریر کر کے شہریوں کو عدلیہ کے خلاف ابھارا جس کے نتیجے میں قصور میں عدلیہ مخالف ریلی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت احسن اقبال کے دماغی معائنے کا حکم دے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ عدالت احسن اقبال کی زبان بندی کے بھی احکامات صادر کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔