ایئر ٹریفک کنٹرولر کی گرفتاری کے خلاف گلگت ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بند

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 جون 2018
یاسر اقبال کی گرفتاری ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر ہوئی ہے، صدر ائیر ٹریفک کنٹرولر گلڈ (فوٹو:فائل)

یاسر اقبال کی گرفتاری ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر ہوئی ہے، صدر ائیر ٹریفک کنٹرولر گلڈ (فوٹو:فائل)

گلگت میں ائیر ٹریفک کنٹرولر یاسر اقبال کی گرفتاری کے خلاف فضائی آپریشن بند کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایئرٹریفک کنٹرولر یاسر اقبال کی گرفتاری کے ردعمل  میں  گلگت ایئرپورٹ پر احتجاجاً فضائی آپریشن بند کردیا گیا، فضائی آپریشن بند ہونے سے اسلام آباد اور گلگت کے درمیان فضائی رابطے کٹ گئے۔

صدر ائیر ٹریفک کنٹرولر گلڈ جاوید حمید کا کہنا ہے کہ ائیر ٹریفک کنٹرولر یاسر اقبال کو گلگت ریڈار ایریا سے گرفتار کیا گیا، ائیر ٹریفک کنٹرولر کی گرفتاری آج صبح 10 بجے سادہ لباس اہل کاروں کے ذریعے عمل میں آئی اور یاسر اقبال کی گرفتاری کے احکامات  ڈپٹی کمشنر نے جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ یاسر اقبال کو مبینہ طورپر درختوں کی کٹائی کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے، چند روز قبل ائیرپورٹ کے ایریا میں یاسر اقبال کی نگرانی میں درختوں کی کٹائی کی گئی تھی ، جہازوں کی آمدروفت کے علاقے میں درختوں کی کٹائی ناگزیر تھی کیونکہ پھیلے ہوئے درختوں کی وجہ سے جہازوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

جاوید حمید نے بتایا کہ ائیر ٹریفک کنٹرولر یاسر اقبال کو کئی گھنٹوں بعد رہا کردیا گیا  تاہم ان کی حالت ٹھیک نہیں اور وہ کسی طور پر کام کے لیے فٹ نہیں  ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔