40 سال سے پشتونوں کے سر کاٹے جارہے ہیں، محمود خان اچکزئی

ویب ڈیسک  جمعرات 21 جون 2018
پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ فوری انصاف کی فراہمی ہے،محمود خان اچکزئی: فوٹو: فائل

پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ فوری انصاف کی فراہمی ہے،محمود خان اچکزئی: فوٹو: فائل

پشین: محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 40 سال سے پشتونوں کے سر کاٹے جارہے ہیں، پشتونوں کا خون پانی کی طرح بہایا گیا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 40 برسوں میں پشتونوں کا خون پانی کی طرح بہایا گیا، انسانی تاریخ میں ایسی کسی جنگ کی تاریخ نہیں ملتی جس طرح کی جنگ پشتونوں پر مسلط کی گئی ہے اس کے بعد بھی پشتون دشمن قوتوں کا عزم ہے کہ پشتونوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بعض قوتیں پشتون عوام کو ختم کرنے کے درپے ہیں، پشتونخوامیپ پر الزامات لگائے گئے کہ انہوں نے کچھ پیسوں  کے عوض ملک کا سودا کیا ہے، ایسے پیسے ہمارے ماں باپ کے لیے زہر قاتل بنے جس سے ہمارے وطن کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے پاکستان کا سودا ہم نے فرنگی اور نہ مارشل لا کے ساتھ کیا اور نہ کسی ملک دشمن سے کریں گے، وطن ہماری ماں  ہے پاکستان ہمیں روٹی اور عزت دیتا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا کسی پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں لیکن پشتونخوامیپ پر پتھر برسائے جارہے ہیں مگر اس کے باوجود ہم نے صبرو تحمل کو اپنایا کیونکہ ہم کسی کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتے پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ فوری انصاف کی فراہمی ہے یہاں آئین کی پاسداری، قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی وقت کا تقاضا ہے یہاں اسلحہ کلچر کو فروغ دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔