نوازشریف اور مریم کا نام ای سی ایل پررکھنے کیلیے وزیراعظم کو سفارش ارسال

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جولائی 2018
نوازشریف اور مریم نوازکا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش نگراں وزیراعظم کوبھجوادی ہے، نگراں وزیرداخلہ : فوٹو: فائل

نوازشریف اور مریم نوازکا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش نگراں وزیراعظم کوبھجوادی ہے، نگراں وزیرداخلہ : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نوازشریف اورمریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے سفارشات نگراں وزیراعظم کو بھجوا دی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگراں وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس نگراں وزیر داخلہ اعظم خان کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ نگراں وزیرداخلہ اعظم خان نے تصدیق کی ہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکا نام ای سی ایل پر رکھنے کے لیے سفارشات نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کوبھجوادی ہیں اور کابینہ آئندہ اجلاس میں نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ نیب نے وزارت داخلہ کو نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے ایک سے زائد مرتبہ درخواست کی تھی، پہلی مرتبہ 14 فروری کو خط لکھا گیا تھا جب کہ اس سلسلے میں آخری مراسلہ 11 جولائی کو بھجوایا گیا تھا، جس میں نیب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملزمان کے خلاف ٹرائل حتمی مراحل میں ہے، فیصلے کے قانونی نتائج کے پیش نظر ملزمان کا بیرون ملک جانے کا خدشہ ہے، اس لئے نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، حسن اور حسین نواز کے نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔