پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر کام کریں گے، رحمان ملک

ویب ڈیسک  اتوار 26 مئ 2013
ہم میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھ کر تعمیری کردار ادا کریں گے, رحمان ملک۔  فوٹو: فائل

ہم میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھ کر تعمیری کردار ادا کریں گے, رحمان ملک۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ مل کر کام کریں گے، کہیں بھاگ نہیں رہا مرنے کے بعد اپنی سرزمین میں ہی دفن ہوں گا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے ہماری جماعت نے جو قربانیاں دیں وہ ضائع نہیں ہونی چاہئیں، اسی لئے تمام تر دھاندلیوں اور تحفظات کے باوجود پیپلز پارٹی نے انتخابی نتائج قبول کئے، ہم چاہتے ہیں نئی منتخب قیادت کو بھی پورے پانچ سال ملیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ پٹواری کے اختیارات نہیں دیتے، پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں اختیارات پارلیمنٹ کو تفقیض کئے، ہم میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کریں گے اور اپوزیشن میں بیٹھ کر تعمیری کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جہاں اچھا کام کر رہی ہو گی پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی۔

رحمان ملک نے کہا کہ پورا پاکستان امن چاہتا ہے، اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت اس مسئلے کے کسی حل تک پہنچ گئی تو بہت اچھی بات ہوگی، پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں اس سلسلے میں بارہا کوششیں کیں، اُس وقت طالبان نے نوازشریف یا مولانا فضل الرحمن کو ضامن بنانے کا مطالبہ کیا، اب نوازشریف خود وزیراعظم بن رہے ہیں تو طالبان کو کسی ضمانت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ کہیں بھاگ نہیں رہے نہ ہی ان کا نام ای سی ایل میں درج ہے انہوں نے وصیت کر رکھی ہے کہ انہیں اپنی سرزمین میں ہی دفن کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اگر ایک صوبے کے لوگ دوسرے صوبے پر حکومت کریں گے تو وفاق پر اس کا تاثر کبھی بھی اچھا نہیں پڑے گا۔ الطاف حسین نے مذاکرات کے دوران کہا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم مل کر کام کریں گے، انہوں نے الطاف حسین کا پیغام صدر آصف زرداری تک پہنچا دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔