ان سائیڈر ٹریڈنگ: جے ایس بینک کیخلاف تحقیقات نہیں کی جارہی

ایکسپریس رپورٹ  جمعرات 30 مئ 2013
سندھ ہائی کورٹ نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو جے ایس بینک کی کردار کشی سے روک دیا ہے فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کو جے ایس بینک کی کردار کشی سے روک دیا ہے فوٹو: فائل

کراچی:  جے ایس بینک نے کہا ہے کہ اس کیخلاف ایز گرڈ نائن کے حصص کی انسائیڈر ٹریڈنگ کے حوالے سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن( ایس ای سی پی) کی جانب سے کسی بھی قسم کی تحقیقات نہیں کی جارہی۔

بلکہ ایس ای سی پی نے تحریری طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایز گرڈ نائن لمیٹڈ کے حصص کی انسائیڈر ٹریڈنگ کے حوالے سے جے ایس بینک کیخلاف کچھ بھی نہیں کیا جارہا اورجے ایس بینک کوعدالت میں داخل کی گئی درخواست میں کبھی مورد الزام نہیں ٹھہرایا گیا۔ جے ایس بینک کی جانب سے منگل 28 مئی کو روزنامہ ایکسپریس میں شائع ہونے والی رپورٹ میں نیب، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر محکموں کے حوالے سے مندر جات کی تردید کی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان اور اس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سعد رشید، مشیر سید عادل گیلانی کوجے ایس بینک کی کردار کشی پر مبنی مواد پھیلانے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم جے ایس بینک کی جانب سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کیخلاف 5ارب روپے ہرجانے کے دعوے کی سماعت کے دوران دیاتھا۔ جے ایس گروپ ملک کے بڑے اداروں میں سے ایک ہے ۔جے ایس بینک کو 40سال سے عوام، سرمایہ کاروں اور ریگولیٹری حکام کا اعتماد حاصل ہے اور قواعد و ضوابط کا احترام ہماری پالیسی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔