بلیک لسٹ کمپنیوں کا حج کوٹا نئی کمپنیوں کو ملنے کا امکان

ناصر الدین  جمعـء 31 مئ 2013
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی امور ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ ہونے والی80 کمپنیوں کا حج کوٹا نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کو دینے پر غور کر رہی ہے۔ فوٹو: فائل

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی امور ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ ہونے والی80 کمپنیوں کا حج کوٹا نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کو دینے پر غور کر رہی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  وفاقی وزارت مذہبی امور نے ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ ہونے والی کمپنیوں کا حج کوٹا نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کو دینے پر غور شروع کردیا ہے۔

سعودی حکومت نے ناقص کارکردگی پر70 جبکہ حکومت پاکستان نے 10کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا تھا، بلیک لسٹ کمپنیوں نے عازمین کو لائسنس کے بغیر رہائش گاہوں میں ٹھہراکر حجاج کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جبکہ غیرمعیاری کھانا دیکر ایک کمرے میں 6، 6 حجاج کو ٹھہرادیا تھا، بلیک لسٹ 80 کمپنیوں کا کوٹا 9075 بنتا ہے گزشتہ سال وزارت مذہبی امور نے 2027 نئی کمپنیوں کو رجسٹرڈ کیا تھا جن کو اب تک حج کوٹا الاٹ نہیں ہوا ہے،پرائیویٹ اسکیم کے تحت حج کوٹا 726 کمپنیوں میں تقسیم ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت مذہبی امور ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ ہونے والی80 کمپنیوں کا حج کوٹا نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کو دینے پر غور کر رہی ہے، گزشتہ سال2027 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی جنھیں اب تک حج کوٹا الاٹ نہیں ہوا ہے ان کمپنیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلیک لسٹ کمپنیوں کا حج کوٹا اگر انھیں دیدیا جائے تو وہ عازمین کو سستا حج پیکیج دیں گی۔

دریں اثنا ایکشن کمیٹی متاثرین حج کوٹہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے کوآرڈی نیٹر ساجد رضا خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وزارت مذہبی امور مختلف شکلوں میں حج کوٹہ نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کو دے ،نئی کمپنیاں عازمین کو سستا ترین پیکج دیں گی اور صرف 2 لاکھ 65 ہزار روپے میں حج کرائیں گی،حکومت پاکستان سعودی حکومت سے عازمین حج کا کوٹہ بڑھانے کی بات کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔