عمران خان کا کام بیت الخلا کی صفائی ہے، فضل الرحمٰن

خبر ایجنسیاں  جمعـء 12 اکتوبر 2018
تجویز کرتا ہوں کہ ایک فورس تشکیل دی جائے ایسا نہ ہو کہ عمران خان خود کشی کریں، سربراہ جے یو آئی (ف)۔ فوٹو : فائل

تجویز کرتا ہوں کہ ایک فورس تشکیل دی جائے ایسا نہ ہو کہ عمران خان خود کشی کریں، سربراہ جے یو آئی (ف)۔ فوٹو : فائل

بنوں: جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کا کام بیت الخلا کی صفائی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے بنوں اسپورٹس کمپلیکس میں پیغام جمعیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 جولائی کے انتخابات میں عوام سے چوری ہوئی ہے جس کا چور بھی معلوم ہے، اب موقع ملا ہے کہ اپنے ووٹ کے ذریعے بدلہ لیں، عمران خان کا کام بیت الخلا کی صفائی ہے، عوام ان پر خفا ہوگئے ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ یہ بات کہی ہے کہ پاکستان پر بُرا وقت آنے پر فوج کے ساتھ جمعیت کے کارکن کھڑے ہوں گے لیکن جس کو حکمران بنایا گیا ہے یہ دشمن کے سامنے سر جھکانے والے ہیں اور ہوا بھی ایسا، ریاست مدینہ کی بات کرنے والے یہ بتائیں کہ کیا ریاست مدینہ کی بنیاد سود، ناچ گانے، بے حیائی پر قائم تھی؟

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومتوں کی مشکلات اور غلط فیصلوں کے نتیجے میں سالوں میں آنے والی مہنگائی چند دنوں میں آئی، خارجہ پالیسی ناکام، امریکا اور نہ ہی چین سے دوستی نبھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ تجویز کرتا ہوں کہ ایک فورس تشکیل دی جائے ایسا نہ ہو کہ عمران خان خود کشی کریں کیونکہ ان کی جان بچانے کی ذمے داری بھی ہماری ہے، عمران خان ایک ایجنڈا کی رو سے آئے ہیں جو آج ثابت ہوئی، کانفرنس سے اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق اے این پی، مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے این اے 35 سے ضمنی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام ( ف)کے امیدوار زاہد اکرم خان درانی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔