آسیہ بی بی معاملہ حکومتی وفد کی بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ملاقاتیں

ملک کی موجودہ صورتحال پر جو بھی فیصلہ ہوگا اس میں پارلیمانی جماعتوں کی رائے شامل ہوگی، وزیراطلاعات


ویب ڈیسک November 01, 2018
حکومتی وفد میں فواد چوہدری، شیری مزاری، علی محمد خان اور فرخ حبیب شامل تھے فوٹو: فائل

وفاقی وزرا پر مشتمل حکومتی وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں آسیہ بی بی سے متعلق کیس کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں حکومتی وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد میں فواد چوہدری، شیری مزاری، علی محمد خان اور فرخ حبیب شامل تھے۔

حکومتی وفد نے اپوزیشن رہنماؤں کو آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور ملک میں جاری احتجاجی لہر کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اعتماد میں لیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، موجودہ صورتحال پورے پاکستان معاملہ ہے، اس صورتحال پر حکومت و اپوزیشن سمیت پورا پاکستان اکھٹا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد کی صورتحال پر حکومت پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا اس میں پارلیمانی جماعتوں کی رائے شامل ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں بشمول بلاول بھٹو زرداری اور شہبازشریف سب کو اعتماد میں لیا ہے اور اس معاملے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بات ہوئی ہے، حکومت اس معاملے پر پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور جو بھی فیصلہ ہوگا اس میں پارلیمانی جماعتوں کی رائے شامل ہوگی، ہر قدم سیاسی جماعتوں کی مشاورت سےاٹھائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں