بھارت میں 96 برس کی دادی نے تیسری جماعت میں ٹاپ کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 2 نومبر 2018
96 سالہ کارتیانی اماں امتحان میں حصہ لینے والی معمر ترین خاتون تھیں (فوٹو : بھارتی میڈیا)

96 سالہ کارتیانی اماں امتحان میں حصہ لینے والی معمر ترین خاتون تھیں (فوٹو : بھارتی میڈیا)

کیرالا: بھارت میں 96 برس کی دادی نے تیسری جماعت کے امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے نہ صرف اپنے داماد کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ  پوری ریاست میں ٹاپ کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کیرالا حکومت کی جانب سے خواندگی کے پروگرام کے تحت تیسری جماعت کے امتحان کا انعقاد ہوا۔ اس امتحان میں 96 سالہ دادی کارتیانی اماں نے 98 فیصد نمبر حاصل کر کے ٹاپ کرلیا، دادی نے ریاضی اور خوش خطی  میں 30 میں سے 30 نمبر جب کہ ٹریننگ کے پیپر میں 30 میں 28 نمبر حاصل کیے۔

اس امتحان میں 43 ہزار لوگوں نے شرکت کی جن میں دادی کے داماد بھی شامل ہیں لیکن وہ بھی اپنی ساس کو تعلیمی امتحان میں شکست نہیں دے سکے۔ کیرالا کی حکومت نے ریاست کو 100 فیصد خواندگی کی شرح والی ریاست بنانے کے لیے غیر تعلیم یافتہ عمر رسیدہ افراد کے لیے خصوصی کلاسوں کا آغاز کیا تھا۔

ٹاپ کرنے پر خوشی سے نہال دادی نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ تیسری جماعت کے بعد چوتھی، آٹھویں اور دسویں جماعت پڑھوں گی، اس طرح 100 سال کی عمر کو پہنچ کر میں دسویں جماعت پاس ہوجاؤں گی اور پھر سرکاری نوکری کروں گی۔

دادی کو سرکاری نوکری ملے نہ ملے البتہ امتحان نمایاں نمبروں سے پاس کرنے پر کیرالا کے وزیراعلیٰ پنرائی وِجین کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔ گھر کی معاشی حالت بہتر نہ ہونے کے سبب تعلیم حاصل نہ کر پانے والی دادی کا اگلا ہدف کمپیوٹر سیکھنا ہے۔

یہاں ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ 96 سالہ دادی کارتیانی اماں کو تعلیم شروع کرنے کے لیے حوصلہ دینے والی اُن کی بیٹی امینی ہے جس نے خود 62 سال کی عمر میں دسویں جماعت کا امتحان پاس کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔