چوہدری نثارکے حکم پر لیگی رہنما کا بیٹا ایف آئی اے میں تعینات

عادل جواد  پير 24 جون 2013
امداد چانڈیو کا بیٹا عدیل چانڈیو سابقہ دور میں پنجاب پولیس میں اہم عہدوں پر تعینات تھا

امداد چانڈیو کا بیٹا عدیل چانڈیو سابقہ دور میں پنجاب پولیس میں اہم عہدوں پر تعینات تھا

کراچی: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی جانب سے اپنے ماتحت محکموں میں میرٹ کے نفاذ کااعلان کاغذی ثابت ہوا۔

وزارت کاقلمدان سنبھالنے کے بعد پہلا حکم مسلم لیگ(ن)لاڑکانہ کے رہنماامداد چانڈیوکے صاحبزادے کوایف آئی اے کراچی میںتعینات کرنے کادیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اورسابق اپوزیشن لیڈرچوہدری نثار نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعداعلان کیا تھا کہ ان کے اداروں میں ٹرانسفراورپوسٹنگ کاعمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گاانھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون افسر کس بڑے آدمی کاعزیز یا رشتے دار ہے،کسی بھی بااثر شخصیت یاسیاستدان سے قربت کی بنیاد پر نہ وہ کسی افسر کا تبادلہ کریں گے اور نہ ہی کسی کو تعینات کریں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے یہ دعوی بھی کیا تھا کہ ٹرانسفر اور پوسٹنگ کا عمل مکمل طور پر کارکردگی کی بنیاد پرکیاجائے گاتاہم چوہدری نثار کی جانب سے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ایف آئی اے میں تعیناتی کاپہلا حکم نامہ پولیس سروسز آف پاکستان کے گریڈ 18 کے افسر عدیل چانڈیوکوایف آئی اے کراچی میں تعینات کرنے کا دیا گیااور انھیں فوری طور پرڈپٹی ڈائریکٹر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل بھی تعینات کردیاگیا، عدیل چانڈیو گزشتہ ہفتے اپنے عہدے کاچارج سنبھال چکے ہیں۔

واضح رہے کہ عدیل چانڈیو چندماہ قبل گریڈ17 سے 18میں ترقی حاصل کرکے سپرنٹنڈنٹ پولیس بنے ہیں اوروہ گزشتہ دورحکومت میں وہ پنجاب پولیس میں مختلف اہم عہدوں پر تعینات رہے ہیں، عدیل چانڈیوایک سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد امداد چانڈیو کی مسلم لیگ ن سے دیرینہ وابستگی ہے اور وہ لاڑکانہ میں مسلم لیگ ن کے اہم ترین رہنما سمجھے جاتے ہیں،بطور اپوزیشن لیڈر چوہدری نثارگزشتہ حکومت کی جانب سے میرٹ کے قتل عام کیخلاف ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے تاہم جب حکومت کی باگڈور ان کے ہاتھ میں آئی تووہ خود چند دن بھی میرٹ کے نفاذ کرنے میں ناکام رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔