پاک فوج کی نیلام شدہ گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کی تحقیقات شروع

طالب فریدی  ہفتہ 15 دسمبر 2018
وزیر ایکسائز پنجاب نے ڈی جی ایکسائز سے پہلے ہی رپورٹ طلب کر رکھی ہے فوٹو: فائل

وزیر ایکسائز پنجاب نے ڈی جی ایکسائز سے پہلے ہی رپورٹ طلب کر رکھی ہے فوٹو: فائل

 لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے پاک فوج کی نیلام شدہ گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کی تحقیقات شروع کردی۔

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے فرید کورٹ ہاؤس پاک فوج سمیت دیگر حساس ادارے کی بڑی تعداد میں گاڑیوں کی بوگس رجسٹریشن کا فراڈ سامنے آنے ہر ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب حسین اصغر کی ہدایت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن محمد اصغر جوئیہ نے انکوائری شروع کردی۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور محمد اصغر جوئیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں خالد نے ڈی جی ایکسائز پنجاب اکرم اشرف گوندل اور موٹر رجسٹریشن اتھارٹی فرید کورٹ ہاؤس کے دیگر افسران کو 20 دسمبر کو مکمل ریکارڈ سمیت خود پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

 

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی موٹر رجسٹریشن اتھارٹی نے گزشتہ 2 ماہ اکتوبر اور نومبر میں فرید کورٹ ہاؤس میں سیکڑوں کی تعداد میں آرمی آکشن گاڑیوں کی بوگس رجسٹریشن کی، جس پر صوبائی وزیر ایکسائز پنجاب حافظ ممتاز احمد نے ڈی جی ایکسائز سے پہلے ہی اس بارے میں رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔