ن لیگ اور پی پی پیسے دے رہے ہیں تو وزیراعظم قوم کو اعتماد میں لیں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 فروری 2019
چوروں کی سیکورٹی پر فوج کی تعیناتی سے غلط پیغام جارہا ہے، وزیر ریلوے فوٹو:فائل

چوروں کی سیکورٹی پر فوج کی تعیناتی سے غلط پیغام جارہا ہے، وزیر ریلوے فوٹو:فائل

 لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہے ہیں تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیل ناکام ہوگئی ہے اور ڈھیل کا ففٹی ففٹی پروگرام چل رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سے آج میں بہت بڑی بات کہنے جارہا ہوں، وہ خفا نہ ہوں اگر یہ دونوں جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں اور ان افواہوں میں حقیقت ہے تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے، نہ مفت کی ڈیل قبول ہے نہ مفت کی ڈھیل قبول ہے، انہیں جانے نہیں دینے گے۔

شیخ رشید نے شریف براداران کو بزدل سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے کیس میں ہیرو بننے کی کوشش کررہے ہیں، ان دونوں کی بیماری 20 سال پرانی ہے اور شاید یہ لوگ ضمانت کروانے میں آسانی کے لیے بیماری رکھتے ہیں، انہیں ڈیل کرنی آتی ہے اور اب یہ ڈیل میں ناکامی پر ڈھیل کی طرف جارہے ہیں، یہ لوگ جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے۔

وزیر ریلوے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ فی الفور شہباز شریف کی سیکورٹی سے رینجرز کی گاڑی ہٹائی جائے، اگر فوج ان چوروں کی سیکورٹی کے لیے پروٹوکول کی ڈیوٹی پر آگئی تو اس سے بہت غلط پیغام جارہا ہے، شریف برادران نے تو اسامہ بن لادن کا مال بھی نہیں چھوڑا تھا، یہ لوگ قطر، کویت اور القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن سے بھی مال پکڑتے تھے، انہوں نے اسامہ سے تب پیسے پکڑے جب وہ سب کو پیارا تھا۔

چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے لانگ مارچ کے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بلاول صاحب لانگ گواچا اور لانگ مارچ میں بڑا فرق ہے، اگر بلاول کرپشن کے خلاف اور فالودے والے کے حق میں لانگ مارچ کریں میں ان کے ساتھ نکلوں گا، آصف زرداری چور ہیں مگر شریف خاندان کی طرح بزدل نہیں ہیں، انہوں نے مردے کو نہیں چھوڑا، جنازے بھی نہیں بخشے اور مرے ہوئے شخص پر بھی دو ارب روپیہ باہر بھیج دیا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان نے شہباز شریف کو چیرمین پی اے سی بناکر بلنڈر کیا ہے، میرے پی اے سی میں جانے سے اپوزیشن کی چیخیں کیوں نکل رہی ہیں، عمران خان نے پی اے سی کے لیے میرا نام دے دیا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ اسپیکر کیوں دیر کررہے ہیں، قومی اسمبلی کے اسپیکر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ثناءاللہ قادری اور سعد رفیق کو بھی فی الفور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔