مقبوضہ کشمیر؛ قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف مظاہرے، متعدد افراد زخمی

اے پی پی / ایکسپریس ڈیسک  پير 19 اگست 2013
سرینگر میں مسلمانوں کیخلاف خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنیوالی ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو ختم کرنے کیلیے مظاہرے اور ہڑتال۔    فوٹو: اے ایف پی/ فائل

سرینگر میں مسلمانوں کیخلاف خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنیوالی ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو ختم کرنے کیلیے مظاہرے اور ہڑتال۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف مظاہرے کرنیوالوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کر کے متعدد افراد کو زخمی کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار قصبے کے نائیک محلے میں عبدالسلام نائیکو، عبدالرشید میر، محمد یعقوب اور دیگر کے گھروں میں داخل ہوئے، سامان کی توڑ پھوڑ کی اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے کارروائی کے دوران بھارتی پولیس نے قرآن کے اوراق پھاڑ دیے۔ قرآن کی بے حرمتی کی خبر پھیلتے ہی نائیک محلہ، جان محلہ، کھانڈے محلہ، گول چکری اور قصبے کے دوسرے علاقوں میں اشتعال پھیل گیا اور لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مظاہرے کیے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین قصبے کی گلیوں سے گزر رہے تھے کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے پھینکے جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں سری نگر کے خانیار، بانڈی پورہ، حاجن ،سنبل اور بارہ مولہ کے علاقوں میں لوگوں نے جموں میں مسلمانوں کیخلاف خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنیوالی نام نہاد ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو ختم کرنیکے مطالبے کے حق میں مظاہرے کیے۔ بھارتی پولیس نے مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے 12 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بانڈی پورہ اور بارہ مولہ اضلاع سے بھارت مخالف مظاہروں میں شرکت کرنیوالے تقریباً 20 نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ دوسری طرف جموں کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی اپیل پر ہڑتال کی گئی۔ سری نگر میں کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں معطل، ٹرانسپورٹ اور تعلیمی ادارے بھی بند اورسڑکیں سنسان رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔