خیبرپختونخوا حکومت میں اختلافات سامنے آگئے

ویب ڈیسک  جمعـء 26 اپريل 2019
اہم ایشوز پربات احتیاط سےکرنی چاہےتاکہ اسکا کوئی غلط مطلب نہ نکالے،عاطف خان، فوٹو: فائل

اہم ایشوز پربات احتیاط سےکرنی چاہےتاکہ اسکا کوئی غلط مطلب نہ نکالے،عاطف خان، فوٹو: فائل

پشاور: سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کو وزرا کی تبدیلی سے متعلق بیان پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہےکہ وہی ٹیم کھلاؤں گا جوملک وقوم کےمفادمیں بہترہو لیکن شوکت یوسفزئی صوبائی وزرا کی تبدیلی کے بیانات دینےمیں مصروف ہیں۔عاطف خان نے کہا کہ اہم ایشوز پربات احتیاط سےکرنی چاہےتاکہ اسکا کوئی غلط مطلب نہ نکالے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے خود سے منسوب  کابینہ میں 5 وزراء کی تبدیلی کے خبر کی تردید کردی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک ہفتے میں صوبائی کابینہ میں ردوبدل ہوسکتا ہے، وزیراطلاعات خیبر پختونخوا

شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ  صوبائی وزیر بلدیات شہرام ترکئی، سینئر صوبائی وزیر عاطف خان، وزیر صحت حشام خان، مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش اور محب اللہ سمیت کسی بھی وزیر کی وزارت سے برخاستگی کی بات نہیں کی، یہ خبر غلط ہے، کابینہ میں ردوبدل میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق کارکردگی دکھانے والا کابینہ میں رہے گا۔

ادھر ترجمان خیبرپختونخوا حکومت اجمل وزیر کے بیان کے مطابق صوبائی کابینہ میں کسی قسم کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، وزراء کے نکالے جانے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم نے بھی وزیرستان میں کہا تھا کہ ہم وزراء کو مانیٹر کررہے ہیں، میں نے کسی وزیر کا نام نہیں لیا کسے نکالا جارہا ہے، عاطف خان نے میرے حوالے سے اسمبلی میں بات کی اس خبر سے انھیں تکلیف ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔