مداح تنقید کرنے والوں کو دھمکیاں نہ دیں

اشرف میمن  پير 26 اگست 2013
دوسروں کے لیے نفرت انگیز باتیں کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گی،لیڈی گاگا فوٹو : فائل

دوسروں کے لیے نفرت انگیز باتیں کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گی،لیڈی گاگا فوٹو : فائل

امریکی پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا نے اپنے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ان پرتنقید کرنے والوں کو ٹوئٹر پر  دھمکی آمیزٹوئٹ (پیغامات) نہیں بھیجیں۔

پاپ اسٹا ر نے کہا ہے ’’ میں کبھی دوسروں کے لیے ’’نفرت انگیز اور گندی زبان‘‘ استعمال کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گی  چاہے وہ میرے مداحوں نے میری محبت یا حمایت میں ہی کی ہو ۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ  جذبات کے اظہار کے لیے دھمکی آمیز یا فحش زبان استعمال کرنا  درست طریقہ نہیں ہے۔

لیڈی گاگا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انتہائی مقبول ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد تقریباً چار کروڑ ہے۔ پاپ اسٹار کے مداحوں نے ٹوئٹر پر لیڈی گاگا کی آرٹسٹ ماریانا ابراہمووچ کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو پر تنقید کرنے والے ڈانس پروڈیوسر ڈیڈما کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھی۔

لیڈی گاگا نے اپنے بلاگ میں کہا ہے کہ’’ میں جانتی ہوں کہ بعض وقت آپ غصے سے بے قابو ہو جاتے ہیں،اور مجھے یہ بھی پتا ہے کہ لوگوں کی مجھ پر تنقید آپ کے لیے نا قابل برداشت ہوجاتی ہے اورآپ اسے خود پر کی گئی تنقید سمجھتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’اگرچہ پچھلے کچھ سالوں میں پاپ کلچر اور ہمارا معاشرہ پہلے سے زیادہ منفی ہوگیا ہے اورفنکاروں پر تنقید بھی کئی سالوں سے کی جارہی ہے لیکن  تنقید کرنے والوں کے منفی طرز عمل کا جواب غلط انداز میں دے کر آپ ان کی منفی سوچ کو اور بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں اپنے مداحوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ میرے ساتھ مل کر مثبت سوچ دوسروں تک پہنچائیں اور انہیں ان کے غلط طرز عمل کا احساس دلائیں او راب سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے غصے کو بغیر کسی ذمہ داری یا سہارے کے دوسروں کو دھمکی دے کر نکالنا آسان ہو گیا ہے۔‘‘

دوسری جانب لیڈی گاگا کے ساتھ پرفارم کرنے والے بینڈ ’’ون ڈائریکشن ‘‘ کے ایک رکن ہیری اسٹائلیس نے مداحوں کی جانب سے ڈیڈما کو دی جانے والی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے لیکن ہمارے کچھ فینز اس حد کو پار کرجاتے ہیں اور ان کا یہ رویہ ہمارے لیے باعث تکلیف ہے۔ اور گاگا  کے مداحوں کو بھی اس بات کا خیا ل رکھنا چاہیے۔

یاد رہے کہ امریکی جریدے فاربس کے مطابق لیڈی گاگا تیس سال سے کم عمر کی سب سے زیادہ پیسے کمانے والی مشہورشخصیات میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ جون 2012سے جون2013تک انہوں نے تقریباً آٹھ کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

جب کہ اسی جریدے نے انہیں دنیا کی سب سے با اثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔