پیر سے ای کورٹ سسٹم کا آغاز کرکے تاریخ رقم کر رہے ہیں، چیف جسٹس

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مئ 2019
کراچی رجسٹری میں وکلاء بحث کریں گے ہم یہاں اسلام آباد میں انہیں سنیں گے، چیف جسٹس فوٹو:فائل

کراچی رجسٹری میں وکلاء بحث کریں گے ہم یہاں اسلام آباد میں انہیں سنیں گے، چیف جسٹس فوٹو:فائل

 اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ پیر سے ای کورٹ سسٹم کا آغاز کرکے تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ میں مبینہ فراڈ کے ملزم نوازاعوان کی بریت کیخلاف نیب اپیل کی سماعت ہوئی تو سپریم کورٹ نے ملزم کی بریت کیخلاف نیب کی اپیل خارج کردی۔ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ملزم کےخلاف نیب کے شواہد میں کچھ نہیں۔ نیب وکیل نے کہا کہ مجھے گواہ محمد ریاض کا بیان پڑھنے دیں پھر جو مرضی فیصلہ کردیں۔

چیف جسٹس نے نیب وکیل سے کہا کہ آپ ہم سے ڈیل کر رہے ہیں، ڈیل نیب کرتا ہوگا، سپریم کورٹ ڈیل نہیں فیصلہ کرتی ہے، قانون اجازت نہیں دیتا ملزم کے بیان پر سزا دے دیں۔

چیف جسٹس نے ای کورٹ سسٹم پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پیر سے ای کورٹ سسٹم کا آغاز کرکے تاریخ رقم کر رہے ہیں، ہم اب اکیسویں صدی میں داخل ہو رہے ہیں، کمرہ عدالت میں کیمرہ اور اسکرینیں لگ گئی ہیں، پیر کو کراچی رجسٹری میں وکلاء بحث کریں گے ہم یہاں اسلام آباد میں انہیں سنیں گے۔

واضح رہے کہ ملزم نواز اعوان پر 72 لاکھ روپے کے فراڈ کا الزام تھا اور احتساب عدالت نے اسے 14 سال قید کی سزا دی تھی لیکن ہائیکورٹ نے بری کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔