لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

ویب ڈیسک  اتوار 14 جولائی 2019
بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے فوٹو فائل

بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے فوٹو فائل

 لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار اور ہفتہ وار چھٹی کا لطف دوبالا کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاوہ مریدکے، شیخوپورہ، فیصل آباد،ساہیوال، خوشاب، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، پنڈدادن خان اور پھول نگر سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش نے ہفتہ وار چھٹی کا لطف دوبالا کردیا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے جب کہ موسم کی مناسبت سے روایتی کھانوں کی دکانوں پر لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں اس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ شیخوپورہ کے قریب فیصل آباد روڈ ٹول پلازہ پر پھسلن کے باعث تیز رفتار آٸل ٹینکر الٹ گیا تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ حالیہ تیز بارشوں سے ہزارہ، راولپنڈی، ڈی جی خان،کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی جب کہ ہزارہ اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔