لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد ساحل سمندر پر پھینکنے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  پير 15 جولائی 2019
ملزم علی رضا کو کورنگی قیوم آباد ڈی ایریا سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا، ایس ایچ او۔ فوٹو: فائل

ملزم علی رضا کو کورنگی قیوم آباد ڈی ایریا سے گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا، ایس ایچ او۔ فوٹو: فائل

کراچی: سی ویو پر نوجوان لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد نیم بے ہوشی کی حالت میں پھینک کر فرار ہونے والا ملزم گرفتار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق درخشاں پولیس نے نوجوان لڑکی کو نشہ آور اشیا دے کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد سی ویو پر پھینک کر فرار ہونے کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کوگرفتار کرلیا ہے، جب کہ مقدمے میں نامزد کرن نامی خاتون کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس ایچ او درخشاں شاہجہاں لاشاری کے مطابق سی ویو سے ملنے والی لڑکی ثنا نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ اسے اس کی دوست کرن اور علی نے نشہ آور اشیا سے بے ہوش کرنے کی کوشش کی، اس دوران علی نے میرے ساتھ زیادتی کی کوشش کی ،میں نے مزاحمت کی تو اس نے مجھ پر تشدد کیا، اور بعد میں علی مجھے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گاڑی میں ڈال کر سی ویو پر پھینک کر فرار ہوگیا۔

ایس ایچ او شاہجہاں کے مطابق پولیس نے ثنا کی مدعیت میں کرن اورعلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، اور درخشاں پولیس نے کورنگی قیوم آباد ڈی ایریا میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مرکزی ملزم علی رضا عرف علی عمران کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا، جب کہ مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کی دوست کرن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز درخشاں تھانے کےعلاقے سی ویو پر ولیج ریسٹورنٹ کے قریب نیم بے ہوشی کی حالت میں نوجوان لڑکی ملی تھی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔